پاکستان

انسداد دہشتگردی عدالت نے شعیب شاہین کی ضمانت منظور کرلی، فوری رہائی کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہرعباس سِپرا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماؤں شیر افضل، شیخ وقاص، احمد چٹھہ اور احمد علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے شعیب شاہین کی ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم ، شعیب شاہین، زین قریشی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کی درخواست ضمانت کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کےجج طاہر عباس سپرا نے کی۔

اس موقع پر وکلا ریاست علی آزاد، عمیر بلوچ اور تفتیشی افسر و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی ایم این ایز کی جانب سے ریاست حسین آزاد ، عادل قاضی ایڈوکیٹ عدالت پیش

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شاہین اس وقت اڈیالہ جیل ہیں، ایک مقدمہ میں ضمانت پر جبکہ دوسرے میں جسمانی ریمانڈ تھا وہ ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔

تین مقدمات میں سے دو کا ریکارڈ عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت پیش ہوئے

ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ ریکارڈ آگیا ہے، کچھ گذارشات کرنی ہیں، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوٹر نہیں آیا تو ایک دن کی بات ہے سماعت ایک دن بعد ہو جائے گی۔

ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اراکین قومی اسمبلی سب جیل میں ہیں مگر شعیب شاہین اور دیگر ورکرز تو جیل میں ہیں، دو ممبر اسلام آباد بار کے سینئر ممبران ہیں، عدالت اس چیز کو دیکھے کہ یہ ایف آئی آر سسٹین ایبل ہے ؟

ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں پولیس والے کو مارنے کا ذکر ہے مگر ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے، شعیب شاہین پر پستول کا الزام ہے مگر ریکوری ایک ڈنڈے کی ہوئی ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ ڈنڈے کی ریکوری کہاں لکھی ہوئی ہے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے تفتیشی افسر نے بتایا کہ شعیب شاہین سے ڈنڈا ریکور کیا ہے۔

جج طاہرعباس سِپرا نے شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمد علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے سے معزرت کرلی

جج طاہرعباس سِپرا نے ریمارکس دیے کہ شعیب شاہین کی حد تک درخواست ضمانت پر کوشش کرتا ہوں آج فیصلہ کر دوں، شیرافضل، شیخ وقاص، احمد چٹھہ، احمد علی کا گھر ویسے ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے.

عدالت نے شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمدعلی کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

بعد ازاں، انسداد دِہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

شیرافضل، شیخ وقاص، احمدچٹھہ، احمدعلی کی درخواست ضمانت پر سماعت اےٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button