ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دیدی
پی ایس ایل 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 207 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 150 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شان مسعود نے 83 اور محمد رضوان نے 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
خوشدل شاہ نے 4 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب مقصود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ری روسو 5 رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے اپنے آخری اوور میں 16 رنز دیے جو قلندرز کی شکست کا سبب بنے۔حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے جیت کےلیے ملتان سلطانز کو 207 رنز بڑا ہدف دیا تھا۔فخر زمان نے 35 گیندوں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے قلندرز کے اسکور میں 76 رنز شامل کیے، اور احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کو کیچ دے بیٹھے جب کہ عبداللہ شفیق نے مجموعی اسکور میں 24 رنز کا اضافہ کیا۔
تیسرے نمبر پر کامران غلام پچ آئے اور 31 گیندوں پر 43 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔محمد حفیظ ٹیم کے مجموعی اسکور میں 16 اور بین ڈنک صرف 9 رنز کا اضافہ کرسکے جب کہ ڈیوڈ وایزی 13 اور راشد خان 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلی اننگز میں شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ، عمران طاہر اور ڈیوڈ ولی نے لاہور قلندرز کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیجا۔