تازہ ترینخبریںپاکستان سے

صحافی امن کے قیام کےلئے پولیس کی معاونت کرتے ہیں، ہم بھی انکا تحفظ کریں گے

سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیونے کہاہے کہ صحافی برادری معاشرے میں امن کے قیام اور اصلاح کےلئے لاہور پولیس کو بھر پور معاونت فراہم کرتی آئی ہے ۔

لاہور پولیس صحافت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کو بھر پور تحفظ فراہم کرنے کا عز م کرتی ہے۔

انہو ںنے کہاکہ سینئرکرائم رپورٹرحسنین شاہ کا اندوہناک قتل بلا شبہ افسوسناک واقعہ تھا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

اس واقعہ کے رونما ہونے کی وجہ سے صحافی برادری کسی حد تک عدم تحفظ اور خوف کا شکار ہوئی تاہم لاہور پولیس بروقت کارروائی، پیشہ وارانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی اپناتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں حسنین شاہ کے قاتلوں تک پہنچ گئی ۔

سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے کہاکہ مرکزی ملزم عامر بٹ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے ۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راو¿ سردار علی خان نے اس واقعہ کانوٹس لیا تھا اور لاہور پولیس کو ملزمان کو فوری طور پرٹریس اور گرفتارکرنے کا ٹاسک دیا تھا ۔

سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو آج ڈسٹرکٹ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان ، ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمران کشور ، ایس پی سٹی حفیظ الرحمن بگتی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

سی سی پی او لاہورفیاض احمد دیو نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سینئر صحافی حسنین شاہ اور جیولری کا کاروبارکرنے والے مرکزی ملزم عامر بٹ کے درمیان لین دین کا معاملہ تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا تھا ۔ جس کی رنجش پر عامر بٹ نے اپنے بھائی شاہد بٹ اور دوست فرحان شاہ کے ساتھ مل کر صحافی حسنین شاہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔

فرحان شاہ نے حیدر شاہ اور امجد پاشا سمیت چار افراد کو حسنین شاہ کے قتل کےلئے تیار کیا ۔قتل کی ساری منصوبہ بندی عامر بٹ نے کی جس نے حیدر شاہ اور امجد پاشا کے ذریعے دونوں شوٹرز کو گاڑی او راسلحہ فراہم کیا نیز مقتول کی نشاندہی بھی کی ۔ دونوں شوٹرز نے صحافی حسنین شاہ کو شملہ پہاڑی کے قریب قتل کردیا ۔

سی سی پی او لاہور نے بتایاکہ انہو ںنے اس اندھے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کےلئے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دیں۔پہلی ٹیم میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان ،ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز اور ایس پی سٹی حفیظ الرحمن بگتی شامل تھے ۔دوسری ٹیم میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن جبکہ تیسری ٹیم ایس پی سی آئی اے شامل تھے ۔

فیاض احمد دیو نے مزید بتایاکہ لاہور پولیس صحافی حسنین شاہ کے قاتلو ںکو ٹریس کرنے اور ان کی گرفتاری کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائی سی سی پی او لاہور نے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ، ایس ایس پی آپریشنز کی تعریف کی جنہو ںنے سب سے پہلے ملزمان حیدر شاہ ، امجد پاشا اور مرکزی ملزم عامر بٹ تک رسائی حاصل کی ۔

جس کے بعد ملزم فرحان شاہ کو بھی گرفتار کرکے زیر استعمال گاڑی او ر اسلحہ بھی برآمد کرلیاہے ۔

فیاض احمد دیو نے کہاکہ لاہور پولیس حسنین شاہ کو قتل کرنے والے دونوں شوٹرز کے تمام کوائف حاصل کرچکی ہے جو بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوںگے ۔

انہو ںنے مزید کہاکہ اس قتل میں عامر بٹ کی معاونت کرنے والے اس کے بھائی شاہد بٹ کو بھی جلد ہی گرفتار کرلیاجائے گا ۔ انہو ںنے کہاکہ صحافی حسنین شاہ کا قتل یقینا صحافی برادری کےلئے ناقابل تلافی نقصان ہے تاہم لاہور پولیس شفاف تفتیش اور مضبوط پراسیکیوشن کے ذریعے ملزمان کو یقینی طورپر کیفر کردار تک پہنچائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button