شوہر سے جھگڑا، بیوی نے بچوں کو 23 ویں منزل پر گھر کے باہر بٹھا دیا
چینی خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے دوران اپنے دو معصوم بچوں کو 23 ویں منزل پر اپارٹمنٹ کے باہر ائیر کنڈیشنر پر بٹھا دیا۔
چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ہینان صوبے کے علاقے لوئیانگ میں پیش آیا اور یہ واقعہ اس وقت رپورٹ ہوا جب پڑوسیوں نے بچوں کے رونے کی آواز سنی جس کے بعد انہوں نے تمام واقعہ موبائل میں ریکارڈ کرنا شروع کردیا جب کہ ساتھ ہی پولیس کو بھی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق23 منزل کے فلیٹ کے باہر بیٹھے بچوں نے کوئی حفاظتی چیز نہیں پہنی ہوئی تھی جب کہ ماں نے باپ کو غصے میں بچوں کے پاس جانے سے بھی روک دیا تھا، جوڑے کی بچی ڈر کی وجہ سے بری طرح رو رہی تھی جب کہ اس کا بھائی جو عمر میں اس سے بڑا تھا، اسے دلاسہ دے رہا تھا۔
مقامی وومن اینڈ چلڈرن فیڈریشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ بجھانے والی گاڑی کی مدد سے بچوں کو بچایا گیا۔
پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ماں کو سزا ملے گی یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق میاں بیوی میں جھگڑے کی وجہ بھی معلوم نہ ہوسکی۔