پاکستان

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانے والی درخواست میں الیکشن کمیشن اور حکومتی اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔

سُنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانے والی درخواست میں الیکشن کمیشن کے علاوہ جنھیں فریق بنایا گیا ہے اُن میں متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز، پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر شامل ہیں۔

سُنی اتحاد کونسل اور مخصوص نشستیں پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ کیا تھا؟

الیکشن کمیشن کی جانب سے سُنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے اپنے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اس نے تمام سیاسی جماعتوں کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے لیے 22 دسمبر 2023 کی ڈیڈلائن دی تھی جسے بعد میں 24 دسمبر تک بڑھا دیا گیا تھا۔

مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ ’ریکارڈ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی جانب سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے فہرست جمع نہیں کروائی گئی تھی اور سنی اتحاد کونسل نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی جماعت میں شمولیت کے بعد الیکشن کمیشن کو چار خط لکھے تھے، جس میں یہ نشستیں دینے کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں نے قومی یا صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے آٹھ فروری کے الیکشن میں بطور جماعت حصہ نہیں لیا اور پارٹی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ’آئین کے آرٹیکل 51 میں یہ واضح کیا کہ وہ سیاسی جماعتیں جن کی قومی اسمبلی میں الیکشن جیتنے کے باعث نمائندگی موجود ہے وہ ہی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے آئین میں درج نظام کے تحت اہل ہوں گے۔‘

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد تحریک انصاف کی حمایت یافتہ سُنی اتحاد کونسل قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں درجنوں نشستوں سے محروم ہو گئی جس کے بعد یہ تمام نشتیں عام انتخابات میں جیتنے والی دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کر دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button