پاکستان

بابائے قوم کا 147 واں یوم پیدائش ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش آج بھرپور ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ہے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے جنہوں نے گارڈز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجا کر قائد اعظم کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا گیا۔

میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں اور بانی پاکستان کو اعزازی سلام پیش کیا گیا۔

مزار قائد پر ہونے والی اس تقریب میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام کےساتھ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آج قائد اعظم کے یوم پیدائش کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک میں پاکستان سفارتخانوں اور مشنز میں تقریبات منعقد ہوں گی جب پاکستان بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات کا بھی انعقاد ہوگا۔

مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقررین بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button