تازہ ترینخبریںپاکستان

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کیلئے ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کا خصوصی ایوارڈ

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کو انسانی حقوق کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔

علی رضا سید کے لیے سال 2023 ہیومن رائٹس ایوارڈ گذشتہ روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران ان کی عدم موجودگی میں ان کے فرزند سید وصی شاہ نے وصول کیا۔

کشمیر کونسل ای یو کے چئیرمین نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا جس کی انتظامیہ نے ان کی کشمیریوں کے انسانی حقوق کے لیے خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈ دیا۔

انہوں نے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

انسانی حقوق کا خصوصی ایوارڈ علی رضا سید کی سربراہی میں کشمیر کونسل ای یو کی ان کاوشوں کا صلہ ہے جو وہ گذشتہ سترہ سال سے یورپی پارلیمنٹ اور دیگر یورپی اداروں اور یورپی ممالک سمیت پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کی جارہی ہیں۔

اس حوالے سے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔

علی رضا سید نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انسانی حقوق کونسل آف پاکستان کی طرف سے انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر جس طرح کشمیر کونسل ای یو کو سراہا گیا ہے، یہ کشمیر کونسل ای یو کے معاونین اور ہمدردوں کے تعاون کی بدولت ہے۔

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے یورپی دانشور اور سینئر صحافی آندرے بارکس کو بھی یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں تعاون کرنے اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر ایوارڈ دیا گیا۔

آندرے بارکس جن کا بنیادی تعلق یورپ کے ملک ہنگری سے ہے، کافی عرصے سے اپنی صحافتی خدمات کے ساتھ ساتھ یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔

آندرے بارکس نے بھی اپنے پیغام میں ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے پیغام میں کہاکہ وہ یہ ایوارڈ اپنے ساتھیوں کے نام کرنے کا اعلان کرتے ہیں جو کشمیر کونسل ای یو کے پلیٹ فارم سے مظلوم کشمیریوں کی آزادی اور انکے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا علم اٹھائے ہوئے ہیں اور یورپی پارلیمنٹ سے لے کر یورپی کمیشن، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں، یورپی شہریوں اور حکومتوں اور دنیا بھر کے امن پسند اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کے سامنے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ کشمیر کونسل ای یو ان دنوں یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں ’’کشمیرای یو ویک‘‘ منا رہی ہے جو پانچ دسمبر کو شروع ہوا اور پندرہ دسمبر تک جاری رہے گا۔

کشمیر ای یو ویک کی تقریبات میں یورپی پارلیمنٹ، یورپی پریس کلب و دیگر مقامات پر کانفرنسیں، سیمینارز، میڈیا بریفنگز، تصویری نمائش اور ملاقاتیں شامل ہیں۔

کشمیر کونسل ای یو پچھلے کئی سالوں سے مختلف یورپی ممالک اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھارہی ہے۔ یورپ میں جاری کونسل کے پروگراموں میں کانفرنسس، سیمینارز، ورکشاپس، مباحثے، ملاقاتیں، پریس کانفرنسیں، نمائشیں اور کشمیریوں کے حق میں ایک ملین دستخطی مہم شامل ہے۔

ان پروگراموں کے علاوہ کشمیرکونسل ای یو مسئلہ کشمیر کو مکالموں اور مراسلوں کے ذریعے دنیا کے بڑے ممالک کے حکام کے سامنے اٹھاتی رہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button