اسرائیلی فورسز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 700 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وحشیانہ صہیونی بمباری میں غزہ میں سات سو سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں وحشیانہ بمباری تیز کر دی ہے، اور خان یونس کے بعض محلوں کے رہائشیوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ فوری طور پر نقل مکانی کریں۔ اس سلسلے میں قطر کے ایک بڑے رہائشی پروجیکٹ کو لوگوں کے سامنے بم گرا کر اڑایا۔
حماس نے صورت حال کے تناظر میں واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت ختم ہونے تک اب قیدیوں کے تبادلے کی بات چیت دوبارہ شروع نہیں ہوگی۔ جب کہ اسرائیل نے ہفتے کے روز قطر سے اپنے مذاکرات کاروں کو یہ کہتے ہوئے واپس بلا لیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
7 اکتوبر سے غزہ میں کم از کم 15,207 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ اسرائیل میں سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد تقریباً 1,200 ہے۔