Uncategorized

بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دے دیا۔ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کے گیند بازوں نے ابتدا سے بنگلہ دیشی بیٹرز پر اپنی نپی تلی بولنگ سے دباو بنائی رکھا اور انہیں کھل کر بیٹنگ کرنے نہیں دی۔بنگلہ دیش کو پہلا نقصان اننگز کے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر ہوا جب سیف حسن شاہین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اوور میں محمد وسیم نےمحمد نعیم کو چلتا کیا۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد نجم الحسن اور عفیف کے درمیان 73 رنز کی اچھی شراکت داری قائم ہوئی۔ نجم 40 جب کہ عفیف 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دونوں کھلاڑیوں کو شاداب خان نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا، پہلے کپتان محموداللہ پھر نورالحسن اور اس کے بعد مہدی حسن جلد پولین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین اور شاداب نے دو دو جب کہ وسیم، حارث اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیم میں کپتان بابراعظم ،نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان ،شعیب ملک ،خوشدل شاہ، محمد نواز، شاہین آفریدی ، وسیم جونیئر اور حارث رؤف پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی 3میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔پہلے میچ میں بہترین کارکردگی پر حسن علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا تاہم آج انہیں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button