صحتصحت اور غذا

گرمی کی شدت اور سر درد سے بچاؤ کیلئے تربوز کا شربت بہترین حل

موسم گرما کے آتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنے لگتا ہے، تربوز کے استعمال سے صحت پر اَن گنت طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں سب سے اہم لُو سے بچاؤ اور گرمیوں میں ہونے والا سر درد کا علاج ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق تربوز موسمِ گرما کا واحد پھل ہے جس میں 92فیصد تک پانی پایا جاتا ہے اور پانی انسانی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں زیادہ پسینہ آنے، پانی کی کمی کے سبب لو لگنے اور سر درد میں اضافے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس سے بچاؤ کے لیے تربوز کے پھل کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں وٹامن بی پایا جاتا ہے جو جسم میں تھکاوٹ کا احساس کم کرتا ہے اور انسان کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرواتا ہے۔

غذائیت سے بھرپور پھل تربوز کے 100 گرام میں 30 کیلوریز، صفر فیصد فیٹ، 112 ملی گرام پوٹاشیم ، 8 گرام کاربوہائیڈریٹس، 6 گرام شوگر، 11 فیصد وٹامن اے، 13 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے لازمی جز ہے۔

تربوز کا استعمال جہاں صحت پر بے حد مفید ثابت ہوتا ہے وہیں بچوں اور بڑوں کا یکساں پسندیدہ پھل تربوز کے جوس کے بھی صحت پر متعدد فوائد مرتب ہوتے ہیں، تربوز کا جوس دن کے اوقات اور ورزش کے فوراً بعد توانائی بحال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تربوز کے جوس کے استعمال سے شدید گرمی کے سبب ہونے والے سر درد میں فوری آرام اور جسم کو راحت ملتی ہے۔

تربوز کے جوس کے فوائد جان کر آپ بھی اس کا استعمال لازمی کرنا چاہیں گے، تربوز کا آسان ترین جوس بنانے کا طریقہ درج ذیل ہے۔

درکار اجزاء:

تربوز دو کپ (ٹکڑوں میں کٹا ہوا)، پانی حسب ضرورت، لیموں کا رس ایک کھانے کے چمچ، لال سیرپ ایک چائے کا چمچ، چینی حسب ضرورت، برف کے ٹکڑے حسب ضرورت، لیموں اور پودینے کے پتے۔

ترکیب:

بلینڈر میں تربوز ڈال کر تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں، پھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں، اب اس میں لیموں کا رس، لال سیرپ اور چینی شامل کریں، آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں، لیجیے! مزیدار تربوز کا شربت تیار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button