تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کرنے والوں نے نظریہ پاکستان کی نفی کی ان وزرا کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کیا۔ سپریم کورٹ فیصلے کو مسترد کرنے کا مطلب آئین سے بغاوت کرنا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو جن جن لوگوں نے مسترد کیا ہے انہوں نے نظریہ پاکستان کی نفی اور اس نظریے کے خلاف کام کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ان وزرا کی تفصیل مانگی ہے جنہوں نے کل کابینہ اجلاس میں شرکت کی تھی اگر وزرا خود کو آج رات تک اعلامیے سے الگ نہیں کرتے تو ریفرنس بھجوائیں گے۔ آئی ایل ایف ایسے وزرا کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گا۔ آرٹیکل 63 اے کے تحت ڈی سیٹ کا ریفرنس بھجوایا جائیگا۔ کابینہ میٹنگ سے لاتعلقی نہ کرنے پر وزرا کو3 سال جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو ٹائم لائن دی اس کے مطابق کام کیا جائے گا۔ اس ٹائم لائن سے ہٹ کر کام کیا تو کابینہ کے وزرا کو سزا بھی ہوسکتی ہے۔ ان وزرا کو نا اہل کرنا کافی نہیں ہوگا انہیں جیل بھی بھیجا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پی ٹی آئی کی نہیں ہر اس فرد کی جیت ہے جو آئین، قانون اور اداروں پر یقین رکھتا ہے۔ چیف جسٹس نے آئین اور دستور کا ساتھ دیا۔ آج رات نماز تراویح کے بعد پورا پاکستان اظہار تشکر کیلیے باہر نکلے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ ان 3 ججز پر ریفرنس فائل کیا جائے۔ سزا یافتہ مجرم لندن سے بیٹھ کر پارٹی چلا رہا ہے۔ انہیں اتنا نہیں پتہ کہ کسی فیصلے پر جج کیخلاف ریفرنس فائل نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شہباز شریف کے خلاف ایسی ہی سازش کر رہی ہے جس طرح سے یوسف رضا گیلانی نے زرداری کے خلاف کی تھی۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت اور سی سی پی او لاہور ظل شاہ کے قاتل ہیں۔ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کے پاس اختیار نہیں کہ جے آئی ٹی بنائے۔ جےآئی ٹی کو کیبنٹ نے منظوری بھی نہیں دی ہوئی۔ جب تک ہائیکورٹ کا فیصلہ نہیں آتا جےا ٓئی ٹی کام نہیں کر سکتی۔ عمران خان پر ایک دن میں 15 دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے۔ اتنی تو ریوڑیاں نہیں بانٹی جاتیں جتنے مقدمات درج ہو رہے ہیں۔ اتنے کم ظرف لوگ نہیں دیکھے جو آج ہم پر مسلط ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button