Uncategorized

آج نیوزی لینڈ کو سبق سکھانے کا دن

بھارتی غرور پاش پاش کرنے کے بعد شاہین اب بے وفا کیویز پر جھپٹنے کو تیار ہیں لہٰذا حساب چکتا کرنے کا وقت آ گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اتوارکو پاکستان نے بھارت کو دس وکٹ کی عبرتناک شکست سے تاریخ رقم کر دی، پہلی بار میگا ایونٹ میں روایتی حریف کو ہرانے والی ٹیم کے نشانے پر اب منگل کو کیویز ہوں گے۔
گزشتہ ماہ وہ بے بنیاد سیکیورٹی خدشات پر پاکستان سے واپس چلے گئے تھے، ان کے بعد انگلینڈ نے بھی ٹور سے معذرت کر لی تھی،گرین شرٹس اپنے میدان ویران ہونے اور ورلڈکپ کی تیاریاں متاثر کرنے پر نیوزی لینڈ سے سخت ناراض ہیں، اب انھیں حساب برابر کرنے کا اچھا موقع مل گیا ہے۔
شارجہ کی پچ پر آئی پی ایل کے دوران زیادہ رنز نہیں بن سکے تھے، چھوٹے گراؤنڈ پر روایتی طور پر بڑے اسکور بنتے رہے ہیں، البتہ ورلڈکپ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف 172 کا ہدف 7 بالز قبل حاصل کر لیا تھا،میچ میں 11 چھکے لگے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئی سی سی کے کیوریٹرز پچ کو پرانے رنگ میں واپس لے آئے ہیں۔
تاریخ میں پہلی بار گرین شرٹس کو ورلڈکپ میں روایتی حریف پر فتح ملی ہے،اس سے کھلاڑیوں کا جوش آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا، وہ ایک اور فتح سے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔
گزشتہ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کے زبردست ابتدائی اسپیل نے بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑ دی تھی، اب ایک بار پھر ٹیم کو ان سے ویسی ہی بولنگ کی امیدیں ہیں،حسن علی تھوڑے مہنگے ثابت ہوئے لیکن ان سمیت پیسر حارث رؤف نے بہتر بولنگ کی تھی، اسپنرز عماد وسیم، شاداب خان اور محمد حفیظ نے بھی اپنا کردار بخوبی نبھایا۔
پاکستانی بولنگ اٹیک کیویز پر بھی قابو پانے کیلیے بے چین ہے، بیٹنگ میں ریکارڈ ساز اوپننگ شراکت بنانے والے بابر اعظم اور محمد رضوان ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ٹیم کیلیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، البتہ باقی بیٹنگ لائن کو ضرورت پڑنے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button