
تحریک انصاف سے مذاکرات کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم بیٹھک ہوئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرےگا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنااللہ شریک تھے، اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
ایوان صدر کے مطابق پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی بنادی گئی ہے، حکومت اور پیپلز پارٹی کا وفد پی ٹی آئی قیادت سے موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرےگا۔
مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثنااللہ ، امیر مقام ، شیری رحمان شامل ہیں۔ مشترکہ کمیٹی میں نوید قمر اور اعجاز جکھرانی بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
اعلامیےکے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ملک میں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا







