
نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز یکم اکتوبر سے گا
پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026 کا آغاز یکم اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پاکستان بھر سے 10 صوبائی اور علاقائی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
چیمپئن شپ کو جڑواں شہروں میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کے باعث پہلے ملتوی کیا گیا تھا۔ نظرثانی شدہ انتظامات کے تحت ٹورنامنٹ اب نئے شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا، جس کے مطابق تمام شریک ٹیمیں 29 ستمبر کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گی۔
چیمپئن شپ میں پنجاب پوٹھوہار، پنجاب روہتاس، سندھ مہران، سندھ انڈس، بلوچستان ہنگول، بلوچستان بولان، کے پی کے ہمالیاز، کے پی کے خیبر، گلگت بلتستان قراقرم اور اسلام آباد مارگلہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں سے ایک گروپ میں چار جبکہ دیگر دو گروپس میں تین، تین ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ میں سرفہرست رہنے والی ٹیم سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کرے گی، جبکہ تینوں گروپس میں بہترین کارکردگی دکھانے والی دوسری پوزیشن کی ٹیم بھی سیمی فائنلز میں جگہ بنائے گی۔







