
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ ایران امریکی صدر کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہو گا، آبنائے ہرمز کو صرف ایران کی کمان میں بند اور کھولا جائے گا۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دیے جانے کی دھمکی پر ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں رہے گی، اس سے متعلق تمام فیصلے ایران کرے گا اور امریکا کی جانب سے اپنی اسٹریٹجک شکست تسلیم کیے جانے تک ایران ناکہ بندی جاری رکھے گا
کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ آبنائے ہرمز کو نہ کسی ٹویٹ، نہ کسی طیارہ بردار بحری جہاز، نہ کسی حکم اور نہ ہی کسی انتخابی تقریر کے ذریعے قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایک بار اور ہمیشہ کے لیے حقیقت تسلیم کر لیں کہ اب تک امریکا کو اسٹریٹجک اور بھاری شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
نائب وزیر خارجہ نے یہ بھی کہ آبنائے ہرمز ایرانیوں کی تھی، ایرانیوں کی ہے اور ایرانیوں کی ہی رہے گی، اس آبنائے کو بند اور کھولنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے اور جب تک امریکا شکست کی حقیقت تسلیم نہیں کرتا اور اپنی خیالی خوش فہمیوں سے باز نہیں آتا تو ایران ناکہ بندی جاری رکھے گا







