تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

پاکستانی نرسوں کے لیے امریکا جا کر کام کرنے کے آسان مواقع، جانیں کیا کرنا ہوگا؟

پاکستانی نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں پیشہ ورانہ تربیت، لائسنسنگ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر نیویارک میں دستخط کیے جا رہے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان سے تعلق رکھنے والے اہل طبی ماہرین کو امریکا میں مزید تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، اسناد اور لائسنسنگ کے تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنے کے لیے تعاون کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت امریکا کے اسپتالوں، صحت کے اداروں، نرسنگ مراکز، جامعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ روابط قائم کیے جائیں گے تاکہ پاکستانی طبی ماہرین کے لیے پیشہ ورانہ مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن پہلے ہی پاکستانی نرسوں کو بین الاقوامی لائسنس کے حصول کے لیے NCLEX نرس پلیسمنٹ پروگرام چلا رہی ہے۔ پروگرام کے لیے 2,759 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 300 نرسوں کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔

ادارے کے مطابق اب تک 80 سے زائد پاکستانی نرسیں NCLEX لائسنس حاصل کر چکی ہیں جبکہ 220 سے زائد نرسیں امتحانی مراحل میں ہیں۔

نئی مفاہمتی یادداشت کے تحت نرسنگ اور طبی تعلیم، اساتذہ کی تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں، وظائف اور طبی افرادی قوت کی تیاری کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے اے پی پی اے سی فاؤنڈیشن اور پاک-ای ای ایف کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیے جانے کا امکان ہے۔

جواب دیں

Back to top button