پٹرولیم قیمتوں کے نظام میں اصلاحات

اداریہ۔۔۔
پٹرولیم قیمتوں کے نظام میں اصلاحات
پاکستان کی معیشت گزشتہ چند برسوں سے مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کررہی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھائو، جغرافیائی سیاسی کشیدگی، درآمدی اخراجات میں اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو اور مہنگائی جیسے عوامل نے حکومتوں کے لیے معاشی فیصلوں کو انتہائی پیچیدہ بنادیا ہے۔ ایسے حالات میں اگر حکومت پاکستان معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اصلاحاتی اقدامات کرے تو انہیں مثبت انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کے نظام پر پیش رفت اور اس مقصد کے لیے خصوصی کمیٹی کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے زیر صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں اوگرا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریز اور دیگر متعلقہ اداروں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت یک طرفہ فیصلوں کے بجائے تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ کسی بھی معاشی اصلاح کی کامیابی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب اس میں متعلقہ اداروں کی مشاورت اور عملی تجاویز کو شامل کیا جائے۔ دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کی صورت حال کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ اس نظام کا بنیادی مقصد یہی ہوتا ہے کہ قیمتوں میں کمی یا اضافے کا براہ راست فائدہ یا اثر صارفین تک بروقت پہنچے۔ پاکستان میں ماضی میں قیمتوں کا تعین مخصوص مدت کے بعد کیا جاتا تھا، جس کے باعث بعض عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے عوام کو مشکلات سے دوچار کرتے تھے۔ حکومت کا موقف ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین سے اس رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی اور مصنوعی بحران پیدا کرنے کے امکانات بھی کم ہوں گے۔ یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ حکومت اس نئے نظام کے تحت اوگرا کے کردار کو مزید مثر بنانے کی خواہاں ہے تاکہ قیمتوں کا تعین شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں ہو اور غیر ضروری سیاسی مداخلت سی گریز کیا جاسکے۔ ایک مضبوط ریگولیٹری نظام ہی سرمایہ کاروں، صنعت اور صارفین تینوں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ جب فیصلے واضح فارمولے کے تحت ہوں تو مارکیٹ میں بے یقینی صورت حال کم ہوتی ہے اور مسابقت فروغ پاتی ہے۔وزیر پٹرولیم کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی اہم ہے کہ خصوصی کمیٹی تمام عملی مسائل کا اتفاقِ رائے سے حل تلاش کرے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت صرف پالیسی کا اعلان نہیں کر رہی بلکہ اس کے موثر نفاذ کے لیے درپیش چیلنجز کو بھی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ کسی بھی اصلاحاتی عمل میں ابتدا میں تحفظات سامنے آنا ایک فطری امر ہے، لیکن مسلسل مشاورت اور موثر ضابطہ کار کے ذریعے ان خدشات کو دُور کیا جاسکتا ہے۔ حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا مقصد بھی یہی ہے کہ مارکیٹ کو زیادہ مسابقتی بنایا جائے، غیر ضروری سرکاری مداخلت کم ہو اور نجی شعبہ شفاف قواعد کے تحت اپنی ذمے داریاں ادا کرے۔ دنیا کے کامیاب معاشی ماڈلز یہی بتاتے ہیں کہ مضبوط نگرانی کے ساتھ آزاد اور مسابقتی منڈی نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ دیتی ہے، بلکہ صارفین کے لیے بہتر خدمات اور مناسب قیمتوں کا باعث بھی بنتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی منصوبہ بندی پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش، سپلائی چَین کو مضبوط بنانے، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور درآمدی انحصار میں کمی جیسے اقدامات مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھ کر کیے جارہے ہیں۔ اگر پاکستان اپنے مقامی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو نہ صرف درآمدی بل میں کمی آئے گی، بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو بھی کم ہوگا اور توانائی کے شعبے میں خودانحصاری کی جانب پیش رفت ممکن ہوگی۔ معاشی استحکام کا راستہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ بعض اوقات اصلاحات کے نتائج فوری سامنے نہیں آتے، بلکہ ان کے مثبت اثرات بتدریج ظاہر ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں کامیاب معاشی پالیسیاں تسلسل، شفافیت اور مستقل مزاجی کی متقاضی ہوتی ہیں۔ اگر حکومت اپنے اعلان کے مطابق اس نظام کو موثر انداز میں نافذ کرنے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت نگرانی برقرار رکھنے اور اوگرا کو آزادانہ انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے تو اس سے مارکیٹ میں اعتماد بڑھے گا اور صارفین کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس سے بھی انکار ممکن نہیں کہ عوام کو مہنگائی اور معاشی دبا کا سامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اصلاحاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت پر یہ ذمے داری بھی عائد ہوتی ہے کہ کم آمدن والے طبقات کے لیے ریلیف کے موثر پروگرام جاری رکھے، قیمتوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنائے اور اس امر کو یقینی بنائے کہ پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ معاشی اصلاحات کا اصل مقصد بھی یہی ہونا چاہیے کہ معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ عوام کی زندگی میں بھی آسانی آئے۔ پاکستان اس وقت ایسے مرحلے سے گزر رہا ہے جہاں پائیدار معاشی ترقی کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلوں سے گریز ممکن نہیں۔ حکومت اگر شفافیت، مسابقت، موثر ریگولیشن، مقامی وسائل کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے اپنے ایجنڈے پر سنجیدگی سے عمل جاری رکھتی ہے تو یہ اقدامات مستقبل میں معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ قومی مفاد کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہر مثبت اصلاح کو تعمیری انداز میں دیکھا جائے، اس پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور ایسی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جو پاکستان کی معیشت کو استحکام، خودانحصاری اور پائیدار ترقی کی جانب لے جائیں۔
نوجوانوں کے بدلتے رجحانات
سینٹرل سپیریئر سروسز ( سی ایس ایس) کو ہمیشہ پاکستان کی باوقار ترین ملازمتوں میں شمار کیا جاتا رہا ہے۔ ایک زمانہ تھا جب ہزاروں نوجوان اپنی تمام تر صلاحیتیں اور کئی سال کی محنت اس امتحان کی تیاری پر صَرف کرتے تھے، کیونکہ یہ صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ قومی خدمت، سماجی وقار اور قیادت کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ تاہم حالیہ اعداد و شمار ایک نئی حقیقت کی نشان دہی کر رہے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران سی ایس ایس کے لیے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کی تعداد میں قریباً 48فیصد کمی آنا محض ایک عددی تبدیلی نہیں، بلکہ نوجوانوں کی ترجیحات، معاشی حالات اور سرکاری ملازمتوں کے بارے میں بدلتے ہوئے تاثر کی عکاسی کرتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2022ء میں 35ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جبکہ 2025ء میں یہ تعداد کم ہوکر قریباً 18ہزار رہ گئی۔ یہی رجحان فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی عمومی بھرتیوں میں بھی دیکھا گیا، جہاں درخواست گزاروں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ اگرچہ امتحان میں شریک ہونے والوں کا تناسب کسی حد تک بہتر ہوا، لیکن مجموعی طور پر درخواست دینے والوں کی تعداد میں مسلسل کمی اس بات کا اشارہ ہے کہ نوجوان سرکاری ملازمت کو پہلے جیسا پُرکشش کیریئر نہیں سمجھ رہے۔ اس تبدیلی کی کئی وجوہ ہیں۔ سب سے اہم وجہ معاشی حالات اور نجی شعبے میں پیدا ہونے والے نئے مواقع ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فری لانسنگ، ڈیجیٹل کاروبار اور بین الاقوامی ریموٹ ملازمتوں نے نوجوانوں کے لیے آمدن کے ایسے راستے کھول دیے ہیں جہاں نسبتاً کم وقت میں بہتر مالی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے برعکس سی ایس ایس کی تیاری ایک طویل، مشکل اور بے یقینی عمل ہے، جس میں کامیابی کی شرح نہایت کم ہے۔ دوسری جانب سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے طویل مراحل، اسامیوں کی محدود تعداد، ترقی کے سست مواقع اور معاشی دبا نے بھی نوجوانوں کی دلچسپی متاثر کی ہے۔ جب ایک امیدوار کئی برس محنت کے بعد بھی کامیابی کی ضمانت حاصل نہ کرسکے تو وہ متبادل راستوں کی تلاش کو ترجیح دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد اب ملکی اور غیر ملکی نجی شعبے یا آزادانہ پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہورہی ہے۔ اس کے باوجود یہ حقیقت بھی اپنی جگہ برقرار ہے کہ سی ایس ایس آج بھی ملک کے بہترین ذہنوں کو قومی پالیسی سازی، انتظامی ڈھانچے اور ریاستی اداروں میں خدمات انجام دینے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ اس لیے اس امتحان کی اہمیت کو کم نہیں سمجھا جاسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ امتحانی نظام میں مزید شفافیت، بروقت نتائج، جدید نصاب، میرٹ پر مبنی بھرتیوں اور نوجوان افسران کے لیے بہتر پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی پر توجہ دی جائے تاکہ اس شعبے کی کشش بحال ہو سکے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایک مضبوط، باصلاحیت اور پیشہ ور سول سروس ریاست کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ اگر باصلاحیت نوجوان اس میدان سے دور ہوتے گئے تو مستقبل میں انتظامی ڈھانچے پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق پُرکشش بنائے، نوجوانوں کا اعتماد بحال کرے اور ایسا ماحول فراہم کرے جہاں قومی خدمت کا جذبہ اور پیشہ ورانہ ترقی ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ یہی مضبوط اور مثر سول سروس پاکستان کی بہتر حکمرانی اور پائیدار ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔





