نئے صوبے: پاکستان کی انتظامی اور سیاسی ضرورت

نئے صوبے: پاکستان کی انتظامی اور سیاسی ضرورت
خواجہ عابد حسین
پاکستان چار صوبوں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان پر مشتمل ہے۔ اسلام آباد وفاقی دارالحکومت ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر الگ حیثیت رکھتے ہیں۔ مگر 2026ء کے آخر میں ملک بھر میں ایک زور دار بحث چھڑ گئی ہے: کیا ان بڑے صوبوں کو توڑ کر نئے چھوٹے صوبے بنائے جائیں؟ ۔
میڈیا اس بحث سے بھرا پڑا ہے۔ کچھ چینل نئے صوبوں کو ملک کی ترقی اور عوام کی سہولت کا ضامن قرار دے رہے ہیں، کچھ انہیں قومی وحدت کے لیے خطرہ بتا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت اور کئی صوبائی حکومتیں اپنے اپنے موقف واضح کر رہی ہیں۔ کچھ حمایت میں ہیں، کچھ مخالفت میں۔ اگر سیاسی اتفاق نہ بن سکا تو ریفرنڈم کی بات بھی ہو رہی ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ صوبے صرف انتظامی یونٹ نہیں، عوام کی نمائندگی، وسائل کی تقسیم اور روزمرہ حکمرانی کا بنیادی ڈھانچہ ہیں۔
موجودہ صورتحال اور تجاویز 2023ء کی مردم شماری کے مطابق صرف پنجاب کی آبادی 12کروڑ سے زائد ہے۔ اتنے بڑے صوبے میں حکومت کی رسائی دیہات اور دور دراز علاقوں تک کمزور پڑ جاتی ہے۔ اسی لیے ایک بار بار دہرائی جانے والی تجویز یہ ہے کہ پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین، اور سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کر کے کل بارہ صوبے بنائے جائیں۔ کچھ حلقے پندرہ صوبوں تک کی بات بھی کرتے ہیں۔
جنوبی پنجاب ( سرائیکی علاقہ) اور بہاولپور کی بحالی کی مانگ کئی دہائیوں پرانی ہے۔ ہزارہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی الگ صوبے کی آوازیں ہیں۔ ان مانگوں کا محرک صرف لسانی یا نسلی نہیں بلکہ انتظامی ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ بڑے صوبے وسائل کو ایک مرکز میں سمیٹ لیتے ہیں اور باقی علاقے پیچھے رہ جاتے ہیں۔
میڈیا اور سیاسی موقف : میڈیا میں دو واضح دھارے نظر آتے ہیں۔ ایک طرف وہ تجزیہ کار اور چینل ہیں جو کہتے ہیں کہ چھوٹے صوبے حکومت کو عوام کے قریب لائیں گے، تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل حل کرنے میں مدد دیں گے، اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن بنائیں گے۔ دوسری طرف وہ ہیں جو ڈرتے ہیں کہ نئے صوبے لسانی اور نسلی بنیادوں پر تقسیم کا دروازہ کھول دیں گے اور قومی یکجہتی کمزور ہوگی۔
وفاقی سطح پر کئی وزراء نے نئے صوبوں کی حمایت کی ہے۔ کچھ نے ریفرنڈم کی تجویز دی تاکہ عوام کی رائے سامنے آ سکے۔ دوسری طرف سندھ اسمبلی نے بار بار صوبے کی تقسیم کی مخالفت کی قراردادیں منظور کی ہیں۔ سندھ کی حکومت کا موقف واضح ہے کہ صوبے کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ دیگر صوبوں میں موقف کم سخت ہیں مگر مکمل اتفاق رائے ابھی تک نہیں بنا۔
آئینی راستہ اور ریفرنڈم نئے صوبے بنانے کے لیے آئین کی ترمیم ضروری ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت اور متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری درکار ہوتی ہے۔ اگر سیاسی اتفاق نہ بن سکا تو ریفرنڈم کا آپشن سامنے آتا ہے۔ ریفرنڈم عوام کی براہ راست رائے معلوم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے، مگر اس کے نتائج کو بھی آئینی طریقہ کار کے مطابق ہی نافذ کیا جا سکتا ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ عام لوگ بڑی صوبوں کو مزید یونٹس میں تقسیم کرنے کے حامی نظر آتے ہیں۔ جنوبی پنجاب، بہاولپور، ہزارہ اور دیگر علاقوں کے لوگ برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ ان کے مسائل دور بیٹھے دارالحکومتوں سے حل نہیں ہو سکتے۔ چھوٹے صوبے ان کی آواز کو مضبوط بنائیں گے اور ترقی کے مواقع برابر تقسیم کریں گےنئے صوبے پاکستان کی موجودہ ضروریات کا حصہ بن چکے ہیں۔ یہ نہ تو کسی کی مرضی کا معاملہ ہے اور نہ ہی محض سیاسی نعرہ۔ یہ انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ مگر اس کام کو جلدبازی یا زبردستی سے نہیں کیا جا سکتا۔ سیاسی اتفاق، آئینی عمل اور عوامی رضامندی تینوں ضروری ہیں۔
اگر اتفاق رائے بن جائے تو بہتر۔ اگر نہ بنے تو ریفرنڈم ایک جمہوری راستہ ہو سکتا ہے۔ مگر بنیادی بات یہ ہے کہ صوبے عوام کے لیے ہیں، عوام صوبوں کے لیے نہیں۔ پاکستان کو ایسے انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے جو ہر شہری تک پہنچ سکے، وسائل منصفانہ تقسیم کری اور ترقی کو متوازن بنائے۔





