کہکشائوں تک پاک، چین دوستی

اداریہ۔۔۔
کہکشائوں تک پاک، چین دوستی
پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلقات، اقتصادی شراکت داری یا دفاعی تعاون تک محدود نہیں رہی بلکہ اب اس نے زمین کی سرحدوں سے نکل کر خلا کی وسعتوں میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلادیا ہے۔ پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں داخل ہونا پاکستان کی قومی تاریخ، سائنسی ترقی اور پاک چین تعلقات میں ایک عظیم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ محض ایک خلا باز کی خلائی سفر میں شرکت نہیں بلکہ ایک ایسے قومی خواب کی تعبیر ہے جس کی بنیاد علم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون پر استوار ہے۔ واقعی، پاک چین دوستی کی داستان اب ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر کہکشائوں تک جا پہنچی ہے۔ چین کے شینزو 24خلائی جہاز کا کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہونا اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سمیت تین رکنی عملے کا خلائی اسٹیشن میں داخل ہونا پاکستان کے لیے ایک غیرمعمولی اعزاز ہے۔ اس مشن میں تجربہ کار چینی خلا باز تانگ ہونگبو نے کمانڈر، وو یی نے فلائٹ انجینئر جب کہ محمد ذیشان علی نے پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالی ہیں۔ یہ حقیقت اپنی جگہ اہم ہے کہ پاکستان کا ایک باصلاحیت پیشہ ور خلا باز دنیا کے ان جدید ترین سائنسی مراکز میں پہنچا ہے جہاں انسانی علم، تجربات اور ٹیکنالوجی کے نئے امکانات تلاش کیے جارہے ہیں۔ اس کامیابی کو صرف قومی فخر کے جذبات تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اسے پاکستان کے سائنسی مستقبل کی سمت متعین کرنے والا موقع سمجھنا ہوگا۔ خلائی تحقیق جدید دنیا میں قومی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، قدرتی آفات سے نمٹنے، مواصلاتی نظام، زراعت، دفاع، مصنوعی سیاروں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ ایسے میں پاکستان کی انسانی خلائی مشن میں شمولیت اس بات کا اظہار ہے کہ ہمارا ملک بھی ان شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بڑھانے اور عالمی سائنسی برادری کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کا خواہاں ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے پیچھے پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، تعاون اور دوستی کا بنیادی کردار ہے۔ چین نے پاکستان کو خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون فراہم کرکے ایک نئے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے۔ یہ تعاون اس حقیقت کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ مضبوط دوستی صرف مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام نہیں بلکہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ترقی کے مواقع پیدا کرنے اور مستقبل کے مشترکہ اہداف حاصل کرنے کا نام بھی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات نے دفاع، تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تعاون کے بعد اب خلائی تحقیق میں بھی نئی جہت حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کے اس تاریخی سفر پر ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے مبارک بادوں کا اظہار بھی قومی اتفاق رائے اور اس کامیابی کی اہمیت کا مظہر ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسے پاکستان کے سائنسی سفر کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارک باد دی۔ وزیراعظم نے سپارکو اور پاکستانی سائنس دانوں کی خدمات کو سراہا اور پاک چین دوستی کے خلا تک پہنچنے کو دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات کی علامت قرار دیا۔ نائب وزیراعظم، وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی شخصیات کی جانب سے بھی اس کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار قومی سطح پر اس تاریخی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ عسکری قیادت کی جانب سے بھی اس کامیابی کو غیرمعمولی اہمیت دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹرٹیجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارک باد پیش کی۔ عسکری قیادت نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے سفر کو پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون پر اظہار تشکر بھی اس دوستی کی مضبوط بنیادوں کی عکاسی کرتا ہی۔ یہ امر بھی قابل تحسین ہے کہ اس تاریخی مشن کی روانگی کے موقع پر پاکستان میں سپارکو کے اسلام آباد اور کراچی ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کی الوداعی تقریب میں شرکت، پاکستانی پرچموں کی موجودگی اور قومی اداروں کے افسران و اہلکاروں کا جوش و جذبہ اس کامیابی کو عوامی سطح پر قومی فخر میں تبدیل کرنے کا ذریعہ بنا۔ ایسے مواقع قوموں میں اعتماد، امید اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔ تاہم اس کامیابی کا اصل تقاضا یہ ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں اپنے سفر کو محض ایک تاریخی شرکت یا علامتی کامیابی تک محدود نہ رکھے۔ سپارکو کو جدید تحقیقی سہولتیں، مالی وسائل، تربیت یافتہ افرادی قوت اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ جامعات میں خلائی سائنس، انجینئرنگ، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق کو فروغ دینا ہوگا۔ نوجوانوں کے لیے وظائف، تربیتی پروگرام اور تحقیقی منصوبے متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ محمد ذیشان علی کے بعد بھی پاکستانی نوجوان اس میدان میں آگے بڑھنے کے خواب دیکھ سکیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے مواقع میسر آئیں۔پاکستان کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ سائنسی ترقی کا راستہ مسلسل سرمایہ کاری، تعلیمی معیار، ادارہ جاتی استحکام اور سیاسی تسلسل سے ہو کر گزرتا ہے۔ اگر ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت فراہم کریں، تحقیق کو قومی ترجیحات میں شامل کریں اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے مستقل پالیسی اختیار کریں تو خلائی تحقیق میں پاکستان کا کردار مزید موثر ہوسکتا ہے۔ محمد ذیشان علی کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ آج پاکستان کا پرچم خلائی تحقیق کے ایک اہم بین الاقوامی مشن میں نمایاں ہوا ہے تو کل ہمارے نوجوان مزید پیچیدہ سائنسی منصوبوں اور خلائی تحقیق کے نئے مراحل میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کامیابی کو پاک چین دوستی کی نئی بلندی، پاکستان کے سائنسی عزم اور قومی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ بلاشبہ، دوستی جب اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کے جذبے سے آگے بڑھتی ہے تو اس کی منزلیں زمین تک محدود نہیں رہتیں۔ پاکستان اور چین نے اپنے دیرینہ تعلقات کو خلا کی وسعتوں تک پہنچا کر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ مضبوط شراکت داری ناممکن دکھائی دینے والے خوابوں کو بھی حقیقت میں بدل سکتی ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس عظیم سنگ میل کو مستقل سائنسی ترقی کی بنیاد بنایا جائے، کیونکہ کہکشائوں تک پہنچنے کا سفر صرف ایک خلائی مشن سے نہیں بلکہ علم، تحقیق اور مسلسل محنت سے مکمل ہوتا ہے۔
شذرہ۔۔۔
انسانی زندگیاں محفوظ بنائیں
پاکستان میں عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات اب کسی ایک شہر یا صوبے تک محدود نہیں رہے۔ آئے روز ملک کے مختلف حصوں سے ایسی خبریں سامنے آتی ہیں جن میں ناقص تعمیرات، حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی اور متعلقہ اداروں کی غفلت انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔ کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں زیرتعمیر چھ منزلہ عمارت کا منہدم ہونا بھی اسی تشویش ناک سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں تین افراد جاں بحق اور 14زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عمارت رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل بنیادوں پر تعمیر کی گئی تھی۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق 600گز کے پلاٹ پر گرائونڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کی گئی جب کہ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت گرنے سے پہلے ہلنا شروع ہوگئی تھی۔ سوال یہ ہے کہ اگر تعمیراتی مراحل میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائی کیوں نہیں کی؟ کیا عمارت کی تعمیر کے دوران کسی ذمے دار افسر نے معائنہ کرنا ضروری نہیں سمجھا؟ یہ مسئلہ صرف کراچی کا نہیں۔ گزشتہ دنوں پشاور میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے کا واقعہ بھی سامنے آیا، اس سے قبل پنجاب میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے نتیجے میں متعدد بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ایسے واقعات اس حقیقت کی نشان دہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں تعمیراتی نگرانی کا نظام سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ اسکول، رہائشی عمارتیں اور تجارتی مراکز اگر محفوظ نہیں تو شہریوں کی زندگیوں کو مستقل خطرات لاحق رہیں گے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک بھر میں پرانی اور زیرتعمیر عمارتوں کا ہنگامی بنیادوں پر تکنیکی معائنہ کیا جائے۔ تعمیراتی نقشوں کی منظوری، استعمال شدہ میٹریل کے معیار، عمارتوں کی مقررہ منزلوں اور حفاظتی تقاضوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ صرف عمارت کے مالک یا ٹھیکیدار کو گرفتار کرنا کافی نہیں بلکہ ان سرکاری اہلکاروں کا بھی احتساب ہونا چاہیے جن کی ذمے داری خلاف ورزیوں کی روک تھام اور نگرانی ہے۔ حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ تعمیراتی قوانین محض کاغذی ضابطے نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ اگر بروقت نگرانی، شفاف تحقیقات اور سخت احتساب کو یقینی بنایا جائے تو ایسے سانحات سے بچا جاسکتا ہے۔ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے، اس لیے اب حادثے کے بعد افسوس اور تعزیت کے بجائے حادثے سے پہلے حفاظتی اقدامات اور ذمے دارانہ طرز حکمرانی ناگزیر ہے۔







