تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

نیشنل موومنٹ پاکستان نئے صوبوں کی تشکیل کی حامی ہے۔چیئرمین نیشنل موومنٹ پاکستان

نیشنل موومنٹ پاکستان کے مرکزی چیئرمین عاصم بشیر انقلابی نے لاہور پریس کلب میں محمد فاروق چوہان، علامہ عبدالستار عاصم، میاں بلال، یاسین خان بزدار، محمد فیضان نذیر گوندل ایڈووکیٹ اورایان امین چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقدہ عالمی سفارت کاروں کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بین الاقوامی سلامتی، سائبر جنگ، بیرونی سیاسی مداخلت اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کے خلاف قرارداد پیش کی گئی اور دنیا کے تمام ممالک کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے احترام پر زور دیا گیا۔ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن اور تصادم نہیں بلکہ مکالمے کا حامی ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤثر موقف پیش کرنے پر انہیں عالمی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب ”خاموش اکثریت کی آواز، 96 فیصد“ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کے غریب اور متوسط طبقے کی سیاسی، معاشی اور سماجی عدم نمائندگی کا تحقیقی جائزہ ہے۔ عام شہری کو صرف ووٹر نہیں بلکہ قومی فیصلوں میں برابر کا شریک بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عاصم بشیر انقلابی نے کہا کہ نیشنل موومنٹ پاکستان کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو مؤثر سیاسی نمائندگی دینا، نوجوانوں کو پالیسی سازی اور قومی فیصلہ سازی میں آگے لانا اور انہیں پارلیمانی و سیاسی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ”تعلیمی ادارے سے پارلیمان تک“ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ تعلیم، صحت، معاشی انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی ہماری بنیادی ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل موومنٹ پاکستان نئے صوبوں کی تشکیل کی حامی ہے، تاہم اس کی بنیاد لسانی یا نسلی نہیں بلکہ جغرافیائی، انتظامی اور معاشی ضروریات ہونی چاہیے۔ نئے صوبوں کی تشکیل سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں، حکومتی عہدے داروں اور ریاستی اداروں کا بلاامتیاز احتساب ضروری ہے۔ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔ زونل تنظیم سازی کے ذریعے اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا عملی نمونہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
میڈیا سیل

جواب دیں

Back to top button