صفائی نصف ایمان، مگر ہماری عملی زندگی سے دور

صفائی نصف ایمان، مگر ہماری عملی زندگی سے دور
تحریر : رفیع صحرائی
گزشتہ دنوں ایک بڑے ٹی وی چینل پر یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ ایک سکول کے اساتذہ نے بچوں سے سکول کی صفائی کروا کر ’’ جرمِ عظیم‘‘ کا ارتکاب کر دیا ہے۔ لوگ اس ویڈیو کو ثواب سمجھ کر مختلف گروپوں میں اس طرح شیئر کر رہے تھے گویا صفائی کروانا بہت بڑا گناہ تھا جو اساتذہ سے سرزد ہو گیا۔
صفائی محض جسم، لباس اور گھر کو صاف رکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ کسی قوم کے شعور، تہذیب، تربیت اور اجتماعی کردار کا آئینہ ہوتی ہے۔ صاف ستھرا ماحول نہ صرف انسانی صحت کی ضمانت ہے بلکہ ذہنی سکون، خوشگوار معاشرت اور باوقار زندگی کی بنیاد بھی ہے۔ بدقسمتی سے ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں صفائی کو ایمان کا حصہ تو تسلیم کیا جاتا ہے لیکن عملی زندگی میں اس کے تقاضوں کو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ ہماری گلیاں، بازار، سڑکیں، تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور بعض اوقات عبادت گاہیں بھی ہماری اس اجتماعی غفلت کی تصویر پیش کرتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جس دین نے پاکیزگی کو نصف ایمان قرار دیا، اس کے پیروکار صفائی کے معاملے میں دوسروں کے لیے مثال کیوں نہیں بن سکے؟
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس میں طہارت و پاکیزگی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ اور اپنے کپڑوں کو پاک رکھو‘‘۔ ( سورہ المدثر)۔ ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ پاکیزگی اختیار کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ رسول اکرمؐ نے فرمایا: ’’ پاکیزگی نصف ایمان ہے‘‘۔ ( صحیح مسلم)۔ اس فرمان سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اسلام میں صفائی محض معاشرتی ضرورت نہیں بلکہ دینی فریضے اور ایمان کے تقاضوں میں شامل ہے۔ نماز کے لیے وضو، غسل، لباس اور مقامِ عبادت کی پاکیزگی لازم قرار دینا اسی حقیقت کی عملی وضاحت ہے۔
رسولؐ اللہ کی پوری زندگی صفائی، نفاست اور سلیقے کا بہترین نمونہ تھی۔ آپؐ مسواک کا اہتمام فرماتے، بالوں میں کنگھی کرتے، خوشبو پسند فرماتے اور صاف ستھرا لباس زیب تن کرتے تھے۔ آپؐ نے ناخن تراشنے، جسم کے مخصوص حصوں کی صفائی اور ذاتی طہارت کے متعلق واضح ہدایات دیں۔ یہاں تک کہ راستے سے کسی تکلیف دہ چیز کو ہٹانے کو بھی ایمان کی شاخ قرار دیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کی نظر میں صفائی کا تصور صرف اپنے جسم تک محدود نہیں بلکہ دوسروں کے لیے راستے اور ماحول کو صاف رکھنے تک پھیلا ہوا ہے۔ گویا کسی گلی میں پڑا ہوا کچرا اٹھانا، راستے سے پتھر ہٹانا اور عوامی مقام کو گندگی سے محفوظ رکھنا بھی نیکی کے کام ہیں۔
صفائی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اس کا آغاز گھر سے ہوتا ہے۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بچپن ہی سے صفائی کی عادت ڈالیں۔ انہیں کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونا، روزانہ دانت صاف کرنا، ناخن تراشنا، باقاعدگی سے نہانا، صاف لباس پہننا اور اپنا کمرہ و سامان ترتیب سے رکھنا سکھائیں۔ بچوں کو یہ بھی سمجھائیں کہ کچرا سڑک، گلی یا کسی خالی پلاٹ میں پھینکنے کے بجائے کوڑے دان میں ڈالنا چاہیے۔ والدین کو یاد رکھنا چاہیے کہ بچے نصیحت سے زیادہ عملی نمونے سے سیکھتے ہیں۔ اگر گھر کے بڑے خود صفائی کا خیال نہیں رکھیں گے تو بچوں سے اس کی توقع بے معنی ہوگی۔
اس سلسلے میں جاپان کی مثال ہمارے لیے قابلِ غور ہے۔ وہاں تعلیمی اداروں میں بچوں کو اپنے کلاس رومز، راہداریوں اور دیگر مشترکہ جگہوں کی صفائی میں شریک کیا جاتا ہے۔ اس عمل کا مقصد صرف صفائی کروانا نہیں بلکہ بچوں میں محنت کی عظمت، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی صفائی کو محض ایک نصیحت یا تقریری مقابلے کا موضوع بنانے کے بجائے عملی تربیت کا حصہ ہونا چاہیے۔ ہفتے میں ایک دن صفائی کی سرگرمی، کلاس روم کی ذمہ داری اور ماحول کی حفاظت سے متعلق سرگرمیاں بچوں میں ایسے مثبت رویے پیدا کر سکتی ہیں جو عمر بھر ان کے ساتھ رہیں گے۔ قومی میڈیا اور اس کے نمائندوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اگر کسی سکول میں بچوں سے صفائی کروا لی جاتی ہے تو میڈیا ایسا طوفان کھڑا کر دیتا ہے گویا قیامت آ گئی ہو۔
صفائی کا تعلق صرف ظاہری خوبصورتی سے نہیں بلکہ انسانی صحت سے بھی گہرا ہے۔ گلی محلوں میں جمع ہونے والا کوڑا، کھلے نالے، گندا پانی اور جگہ جگہ پھینکا جانے والا پلاسٹک مچھروں، مکھیوں اور جراثیم کی افزائش کا سبب بنتا ہے۔ ڈینگی، ملیریا، ہیضہ، اسہال اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلا میں گندگی اور ناقص نکاسی آب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آلودہ ماحول بچوں، بزرگوں اور کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھنے اور قومی وسائل کے ضیاع کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم بیماریوں سے بچا کے بنیادی اصولوں پر توجہ نہیں دیتے۔ اگر ہم صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنا لیں تو بہت سی بیماریوں سے بچا ممکن ہے۔
یہاں بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری بھی انتہائی اہم ہے۔ شہروں اور قصبوں میں صفائی کا موثر نظام، کوڑا اٹھانے کے لیے بروقت گاڑیاں، مناسب مقامات پر کوڑے دان، نالوں کی صفائی، نکاسی آب کی بہتری اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے جدید انتظامات بلدیاتی اداروں کے بنیادی فرائض ہیں۔ کچرے کو الگ الگ جمع کرنے، قابلِ استعمال اشیا کو ری سائیکل کرنے اور نامیاتی فضلے سے کھاد بنانے کے منصوبوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صرف صفائی مہم کے نام پر چند روز جھاڑو دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ اس کے لیے مستقل منصوبہ بندی، نگرانی، مناسب بجٹ اور اداروں کی جواب دہی ضروری ہے۔ صوبہ پنجاب میں ستھرا پنجاب پروگرام نے صوبے کی حالت بدل دی ہے۔ باقی صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔
صفائی کے شلسلے میں شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ مناسب نہیں کہ ہم اپنے گھروں کے اندر تو صفائی کا غیر معمولی اہتمام کریں لیکن گھر کا کچرا باہر گلی میں پھینک کر مطمئن ہو جائیں۔ سڑکوں پر تھوکنا، چلتی گاڑیوں سے ریپر اور بوتلیں باہر پھینکنا، دیواروں پر پان کی پیک لگانا، نہروں اور نالوں میں کوڑا ڈالنا اور خالی پلاٹوں کو کچرا گھر بنا دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویے ہیں۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ سڑک، پارک، بازار اور گلی بھی ہمارے اجتماعی گھر کا حصہ ہیں۔ جس طرح ہم اپنے گھر میں گندگی برداشت نہیں کرتے، اسی طرح عوامی مقامات کو بھی صاف رکھنا ہمارا اخلاقی اور شہری فرض ہے۔
مساجد اور عبادت گاہوں کی صفائی بھی خصوصی توجہ کی مستحق ہے۔ مسجد میں صاف لباس پہن کر جانا، خوشبو کا اہتمام کرنا اور وضو خانے، بیت الخلا اور صحن کو صاف رکھنا دینی تعلیمات کا حصہ ہے۔ مسجد انتظامیہ اور نمازیوں کو مل کر اس بات کا اہتمام کرنا چاہیے کہ عبادت کے یہ مقدس مقامات صفائی اور نفاست کی مثال بنیں۔ اسی طرح ہسپتالوں، بازاروں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں اور سرکاری دفاتر میں صفائی کے مستقل انتظامات ہونے چاہئیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت صفائی کو قومی ترجیح بنائے، بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور فعال کرے، تعلیمی نصاب میں ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کی عملی تربیت شامل کرے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے موثر قانون سازی کرے۔ ذرائع ابلاغ، علما، اساتذہ اور سماجی تنظیموں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مساجد کے خطبات، تعلیمی سرگرمیوں اور میڈیا مہمات کے ذریعے عوام میں یہ شعور بیدار کیا جا سکتا ہے کہ صفائی صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آئیے! ہم دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کریں۔ اپنے بچوں کو صفائی کی ترغیب دیں، انہیں عملی طور پر اس کا پابند بنائیں، گھر سے نکلنے والے کچرے کو مناسب جگہ پر ڈالیں اور اپنے محلے کو صاف رکھنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ یاد رکھیے، صاف ستھرا گھر اچھی تربیت کی علامت، صاف محلہ اجتماعی شعور کی نشانی اور صاف شہر مہذب قوم کی پہچان ہوتا ہے۔ جس قوم کو اپنے ماحول سے محبت ہو، وہی اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کا خواب حقیقت میں بدل سکتی ہے۔ ہمیں محض ’’ صفائی نصف ایمان ہے‘‘ کا نعرہ نہیں لگانا بلکہ اسے اپنے کردار اور عمل سے اسے ثابت بھی کرنا ہے۔





