
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات اور مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کے تناظر میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ صورتحال اس کے باوجود سامنے آئی ہے کہ گذشتہ ہفتے امریکہ میں خام تیل کے ذخائر غیر متوقع طور پر کم ہوئے ہیں۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے فیوچر (مستقبل کے) معاہدے 0.25 فیصد کمی کے ساتھ 103.34 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے فیوچر 53 سینٹ یا 0.55 فیصد گر کر 95.56 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ کاروباری سیشن میں برینٹ کی قیمت میں ایک فیصد سے زیادہ کمی ہوئی تھی اور یہ تقریباً چار ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی، کیونکہ تاجر یوکرین اور ایران میں جاری جنگوں کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کا جائزہ لے رہے تھے۔






