
امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف بدھ کے روز سینٹ پیٹرزبرگ میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں روس اور یوکرین کے درمیان کئی برس سے جاری تنازع کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر بات چیت ہو گی۔
یہ مذاکرات وٹکوف کی ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ہونے والی ملاقات کے ایک دن بعد ہو رہے ہیں، جسے ایک امریکی عہدیدار نے ’مثبت اور تعمیری‘ قرار دیا تھا۔
یوکرین اس سے قبل امریکہ پر انٹیلی جنس شیئرنگ روکنے کا الزام عائد کر چکا ہے۔ تاہم واشنگٹن نے اس الزام کو ’باعثِ حیرت‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ منگل کو زیلنسکی نے کہا کہ روسی میزائل حملوں سے متعلق امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ ’اب دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔‘
زیلنسکی اور ان کے یورپی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ اوسلو میں جن تجاویز پر اتفاق ہوا ہے، اب اس پر روس کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔
اوسلو میں منگل کے روز ہونے والی بات چیت میں شامل فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے کہا ہے کہ امن کے حصول کے لیے تجاویز پر ’حقیقی پیش رفت‘ ہوئی ہے، تاہم انھوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں اور خبردار کیا کہ اس عمل میں صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ مذاکرات کے بعد ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں وٹکوف نے شرکت نہیں کی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔







