
لاہورٟ نیوز رپورٹر ٞوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں۔ مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مزید کہا کہ دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دیہی خواتین کی محنت، کاوشوں اور خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دیہی خواتین سمیت ہر عورت کا تحفظ ان کی ریڈ لائن ہے،وہ چاہتی ہیں کہ دیہی خواتین صرف کسان یا فارمر بن کر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں، ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع، آسان سہولیات اور ہنرمندی کے پروگرام شروع کیے ہیں، دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے لیے صوبے کے تمام بنیادی مراکزِ صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں، لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف کے ذریعے دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دیہی خواتین کو ترقی کے سفر میں شریک کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے خود روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مویشی بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ دیہی خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا خوشحال پنجاب کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔





