ٹیکس اصلاحات اور نوجوانوں کی ترقی

ٹیکس اصلاحات اور نوجوانوں کی ترقی
پاکستان کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دو بنیادی تقاضے انتہائی اہم ہیں۔ ایک طرف قومی وسائل کی حفاظت، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کا خاتمہ اور دوسری جانب نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کسٹمز نظام میں اصلاحات، ہوائی اڈوں پر جدید اسمارٹ اسکینرز کی تنصیب اور اسلام آباد میں دانش آئی ٹی پارک کے افتتاح جیسے اقدامات اسی وسیع تر ضرورت کی عکاسی کرتے ہیں۔ تاہم ان اقدامات کی حقیقی کامیابی کا انحصار اعلانات سے زیادہ ان پر موثر عمل درآمد، شفافیت اور عوام کو حاصل ہونے والے عملی فوائد پر ہوگا۔ پاکستان کو طویل عرصے سے محصولات کی کمی، ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور انتظامی کمزوریوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ جب قومی خزانے کو اس کی جائز آمدن حاصل نہیں ہوتی تو حکومت کے لیے تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے وسائل مہیا کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس لیے وزیراعظم کا ٹیکس چوری کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اختیار کرنے پر زور دینا اہمیت رکھتا ہے، لیکن اس پالیسی کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ قانون کا اطلاق بلاامتیاز ہو اور کسی فرد، ادارے یا کاروباری گروہ کو اثر و رسوخ کی بنیاد پر رعایت نہ ملے۔ ٹیکس نظام کی بہتری صرف کارروائیوں اور گرفتاریوں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینا، محصولات کی وصولی میں شفافیت پیدا کرنا اور ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا بھی ضروری ہے۔ عام شہری اور تنخواہ دار طبقہ جب اپنی آمدن سے ٹیکس ادا کرتا ہے تو وہ یہ توقع بھی رکھتا ہے کہ بڑے کاروباری ادارے، زیادہ آمدن رکھنے والے افراد اور دیگر قابلِ ٹیکس طبقات بھی اپنی ذمے داریاں پوری کریں گے۔ اگر ٹیکس کا بوجھ چند طبقات تک محدود رہے تو معاشی انصاف کا تصور کمزور پڑ جاتا ہے۔ چنانچہ حکومت کو ٹیکس چوری روکنے کے ساتھ ٹیکس نظام کو منصفانہ اور قابلِ اعتماد بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ کسٹمز نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اس سلسلے میں ایک اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکینرز کی فوری تنصیب اور سامان کی جانچ کے لیے خودکار نظام متعارف کرانے کی ہدایت کا مقصد نہ صرف اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام ہے بلکہ مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ اور تکلیف سے بچانا بھی ہے۔ ہوائی اڈے کسی بھی ملک کا دنیا کے سامنے پہلا تعارف ہوتے ہیں۔ وہاں مسافروں کے ساتھ برتائو، سہولتوں کی فراہمی اور انتظامی کارکردگی ملک کے مجموعی تشخص پر اثرانداز ہوتی ہے۔ جدید اسکینرز کے ذریعے سامان کی جانچ میں وقت کم ہوسکتا ہے، انسانی مداخلت محدود ہوسکتی ہے اور نگرانی کے نظام کو زیادہ موثر بنایا جاسکتا ہے۔ تاہم ٹیکنالوجی کی تنصیب ہی کافی نہیں ہوگی۔ مشینوں کی دیکھ بھال، عملے کی تربیت، ڈیٹا کی حفاظت اور نظام کی مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ہوائی اڈوں پر تعینات عملے کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت اور شائستگی و احترام کو اس تربیت کا بنیادی حصہ بنانے کی ہدایت قابلِ توجہ ہے۔ مسافروں کی عزتِ نفس کا تحفظ کسی رعایت کا نام نہیں بلکہ سرکاری اداروں کی بنیادی ذمے داری ہے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ جدید نظام کو اختیارات کے ناجائز استعمال کا نیا ذریعہ نہ بننے دیا جائے۔ مسافروں کی جانچ شفاف اصولوں کے تحت ہو، شکایات کے ازالے کا موثر طریقہ موجود ہو اور کسی اہلکار کی بدسلوکی پر جواب دہی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے صرف ہوائی اڈوں پر نہیں بلکہ بندرگاہوں، زمینی سرحدوں اور اندرونِ ملک ترسیل کے نظام میں بھی موثر نگرانی درکار ہے۔ اگر مختلف اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط ہو اور کارروائیوں کے نتائج باقاعدگی سے جانچے جائیں تو قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح اور اسے دانش آئی ٹی پارک کا نام دینا پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک امید افزا پیش رفت ہے۔ آج دنیا کی معیشت تیزی سے مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر، ڈیجیٹل خدمات، خودکار نظام اور جدید سائنسی تحقیق کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو صرف روایتی تعلیم تک محدود نہ رکھے بلکہ انہیں عملی مہارتیں، جدید آلات اور عالمی منڈی کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرے۔ پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا بڑا حصہ موجود ہے۔ اگر اس آبادی کو معیاری تعلیم، تکنیکی مہارت اور کاروباری مواقع میسر آجائیں تو یہی نوجوان ملک کی معاشی ترقی کا سب سے بڑا سرمایہ بن سکتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر انہیں مناسب مواقع نہ ملیں تو بے روزگاری، مایوسی اور بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں اضافے جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔ دانش آئی ٹی پارک جیسے منصوبے نوجوانوں کو نئی کاروبار شروع کرنے، اپنی صلاحیتیں آزمانے اور مقامی و عالمی اداروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔ تاہم ایسے منصوبوں کی کامیابی عمارتوں، افتتاحی تقریبات یا جدید سہولتوں کے اعلان سے نہیں بلکہ ان کے نتائج سے ناپی جانی چاہیے۔ ضروری ہے کہ یہاں معیاری تربیتی پروگرام، قابل اساتذہ، جدید آلات، کاروباری رہنمائی اور صنعت سے مضبوط روابط موجود ہوں۔ نوجوانوں کو صرف سرٹیفکیٹ دینے کے بجائے ایسی مہارتیں سکھائی جائیں جو انہیں ملازمت حاصل کرنے، فری لانسنگ کے ذریعے آمدن کمانے یا اپنا کاروبار قائم کرنے کے قابل بنائیں۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل شعبوں میں تربیت کے ساتھ انگریزی، ابلاغ، مسئلہ حل کرنے اور کاروباری منصوبہ بندی کی صلاحیتوں پر بھی توجہ دی جائے۔ اس ضمن میں ایک اور اہم پہلو مساوی مواقع کی فراہمی ہے۔ ٹیکنالوجی کے فوائد صرف اسلام آباد، کراچی، لاہور یا دیگر بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔ دیہی علاقوں، چھوٹے شہروں، خواتین اور کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کے نوجوانوں کو بھی تربیت اور جدید سہولتوں تک رسائی ملنی چاہیے۔ وزیراعظم کی جانب سے مستقبل میں ایسے آئی ٹی پارکس کو ملک کے دیگر حصوں تک پھیلانے کے عزم کو عملی منصوبہ بندی، مناسب بجٹ اور واضح اہداف کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انٹرنیٹ کی سہولت، بجلی کی دستیابی اور مقامی تربیتی مراکز بھی اس حکمت عملی کا حصہ ہونے چاہئیں۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عزم بھی اہم ہے۔ عالمی معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور تجارتی روابط کی اہمیت بڑھ چکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت کو عملی معاشی تعاون میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ بالخصوص تعلیم، توانائی، ٹیکنالوجی اور کاروباری شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ تاہم ایسے روابط کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے واضح منصوبے، باہمی اعتماد اور مسلسل عملی اقدامات ضروری ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ قومی ترقی کے یہ تمام پہلو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ محصولات میں اضافہ حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرسکتا ہے، شفاف کسٹمز نظام تجارت کو سہولت دے سکتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔ لیکن ان اہداف کے حصول کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات، میرٹ، شفافیت اور جواب دہی کو بنیادی اہمیت دینا ہوگی۔ حکومت کے سامنے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ ان اقدامات کو مستقل پالیسیوں میں تبدیل کرے، ان کی پیش رفت عوام کے سامنے رکھے اور کارکردگی کو قابلِ پیمائش نتائج سے جانچے۔ ٹیکس چوری کے خاتمے سے لے کر نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنے تک ہر منصوبے کا مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہونا چاہیے۔ اگر قومی وسائل محفوظ ہوں، سرکاری ادارے عوام کی عزت کریں اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے حقیقی مواقع ملیں تو پاکستان معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی جانب اہم پیش رفت کرسکتا ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جس سے حکومتی اعلانات عوامی اعتماد اور عملی کامیابی میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔
سائبر فراڈ، روک تھام ناگزیر
جدید ٹیکنالوجی نے جہاں دنیا کو ایک دوسرے کے قریب کیا ہے، وہیں سائبر جرائم کی نئی شکلوں نے شہریوں، اداروں اور ریاستوں کے لیے سنگین چیلنجز بھی پیدا کر دئیے ہیں۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹائون میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارروائی کے دوران غیر قانونی کال سینٹر سے 37ملزمان کی گرفتاری اسی مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان خود کو غیر ملکی موبائل کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے بیرون ملک مقیم شہریوں سے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرتے اور ان معلومات کے ذریعے غیر قانونی مالی لین دین کرتے تھے۔ چھاپے کے دوران پانچ کمپیوٹرز، 40لیپ ٹاپس اور 35موبائل فونز سمیت ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے، جن کی جانچ میں مبینہ فراڈ سے متعلق سافٹ ویئر اور ڈیٹا بھی سامنے آیا۔ یہ معاملہ نشان دہی کرتا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے منظم انداز میں مالی دھوکا دہی کی جاسکتی ہے۔ ایسے جرائم میں متاثرین اکثر ہزاروں میل دور ہوتے ہیں، جس سے تحقیقات، شواہد کے حصول اور رقم کی واپسی کا عمل مزید پیچیدہ ہوجاتا ہے۔ سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جدید تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور موثر تحقیقاتی نظام سے لیس ہوں۔ غیر قانونی کال سینٹرز کی نشاندہی، ان کے مالی روابط کی جانچ اور برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد کا سائنسی تجزیہ تحقیقات کے اہم تقاضے ہیں۔ اگر اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد، سہولت کاروں اور مالی لین دین کے ذرائع تک رسائی حاصل نہ کی جائے تو ایسے جرائم دوبارہ سر اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ عوامی آگاہی بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ فون یا انٹرنیٹ پر کسی نامعلوم شخص کو اپنے کریڈٹ کارڈ، بینک اکائونٹ، پاس ورڈ یا تصدیقی کوڈ کی معلومات فراہم نہ کریں۔ معروف ادارے کا نمائندہ ہونے کا دعویٰ بذاتِ خود کسی شخص کی شناخت کا ثبوت نہیں۔ مشکوک رابطے کی صورت میں متعلقہ ادارے سے اس کے سرکاری ذریعے کے ذریعے تصدیق کرنا ضروری ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہونا اہم پیش رفت ہے، تاہم اصل کامیابی شفاف تحقیقات، قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی اور جرم ثابت ہونے پر موثر سزا سے مشروط ہے۔ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اسی وقت مضبوط ہوسکتی ہے جب شہریوں کا اعتماد محفوظ ہو اور سائبر جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔





