
ایران کی وزارتِ دفاع کے ترجمان رضا طلائی نیک نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں اسلحہ تیار کرنے کی صلاحیت طویل اور مسلسل جنگ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے، جبکہ جنگ کے دوران اسلحے کی پیداوار میں جنگ سے پہلے کے مقابلے میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے رضا طلائی نیک نے بتایا کہ ایران نے جنگ کے دوران اسلحے کی تیاری میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاکہ طویل عرصے تک جاری رہنے والی جنگ کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس دشمن کے خلاف طویل جنگ جاری رکھنے کے لیے اسلحہ تیار کرنے کی وافر صلاحیت موجود ہے۔ ان کے مطابق جنگ کے دوران تقریباً 9 ہزار کمپنیوں نے رضاکارانہ طور پر فوجی سازوسامان تیار کرنے کی کوششوں میں حصہ لیا۔
ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران جنگ کے دوران اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی سطح پر اسلحے کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر کے سینئر مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔







