پکانے سے پہلے مرغی کا گوشت دھونا کتنا خطرناک ہے؟

کھانا پکانے سے پہلے کچے چکن کو نل کے نیچے دھونے کا عام روایتی طریقہ آپ کے باورچی خانے کو خطرناک حد تک گندا اور جراثیم سے آلودہ کر سکتا ہے. ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چکن کو دھونے سے جراثیم ختم نہیں ہوتے بلکہ پانی کے چھینٹوں کے ذریعے پورے کچن میں پھیل جاتے ہیں.
نسل در نسل بہت سے گھروں میں یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ پکانے سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھونا صفائی کے لیے لازمی ہے. لیکن بظاہر یہ بے ضرر عادت دراصل اس کے برعکس کام کر رہی ہے، جس سے کچن کے کاؤنٹرز، برتن اور آس پاس رکھی دیگر خوراک بھی آلودہ ہو جاتی ہے۔
دہلی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر الوک چوپڑا نے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں کو کچا چکن دھونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق چکن کو محفوظ بنانے کے لیے اسے دھونا نہیں بلکہ مناسب درجہ حرارت پر اچھی طرح پکانا ضروری ہے۔
ڈاکٹر چوپڑا کا کہنا ہے کہ کچے چکن میں سالمونیلا اور کیمپائلووبیکٹر جیسے خطرناک بیکٹیریا پائے جاتے ہیں. جب نل کے بہتے ہوئے پانی کے نیچے کچا چکن دھویا جاتا ہے تو پانی کے قطرے گوشت کی سطح سے ٹکرا کر انتہائی باریک ذرات کی صورت میں فضا میں بکھر جاتے ہیں. یہ آلودہ قطرے سنک، کچن کے کاؤنٹر، برتنوں, چھڑی اور قریب رکھے تازہ پھلوں یا سلاد پر گر سکتے ہیں۔
یہ جراثیم آنکھوں سے نظر نہیں آتے، اس لیے صرف پانی بہانے سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کچن کی کون سی سطح آلودہ ہوگئی ہے۔ اگر یہی جراثیم کھانے کے ذریعے جسم میں داخل ہوجائیں تو فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتے ہیں۔
کچن میں جراثیم پھیلنے سے کیسے بچیں؟
کچا چکن پیکٹ سے نکال کر بغیر دھوئے براہ راست پکانے کی تیاری کی جاسکتی ہے۔ اگر گوشت بہت زیادہ گیلا ہو تو اسے صاف کاغذ سے ہلکے ہاتھ سے خشک کیا جاسکتا ہے، لیکن استعمال شدہ کاغذ فوراً کوڑے میں پھینک دینا چاہیے۔
کچے چکن کو چھونے کے بعد ہاتھ کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونا بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ وہ کٹنگ بورڈ، چھری، پلیٹ یا کاؤنٹر جس پر کچا چکن رکھا گیا ہو، اسے بھی اچھی طرح صاف کرنا چاہیے۔
ایک اور اہم احتیاط یہ ہے کہ کچے گوشت کے لیے الگ کٹنگ بورڈ استعمال کیا جائے اور اسے سلاد، پھل یا ایسی غذاؤں کے لیے استعمال نہ کیا جائے جو بعد میں پکائی نہیں جاتیں۔







