
*کھیلوں میں عالمی کامیابی کے لیے ذہنی مضبوطی اور تربیت ضروری ہے: محسن نواز*
محمد اخلاق اسلم
پاکستان کے نامور ایف-کلاس لانگ رینج شوٹر اور اسپورٹس سائیکالوجسٹ محسن نواز نے ملک میں کھلاڑیوں کی ذہنی و نفسیاتی تربیت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تمغۂ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے محسن نواز، جنہوں نے چھٹویں ورلڈ نومڈ گیمز 2026 میں پاکستان کے پہلے آفیشل اسپورٹس سائیکالوجسٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پائیدار کامیابی کے لیے جسمانی کے ساتھ ساتھ نفسیاتی تربیت کو بھی بنیادی ستون بنانا ہوگا۔
محسن نواز کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں میں زبردست صلاحیت موجود ہے، لیکن اسے عالمی سطح پر میڈلز اور کامیابیوں میں بدلنے کے لیے منظم نفسیاتی تربیت، دباؤ کو کنٹرول کرنے، توجہ مرکوز رکھنے اور میدان میں پرسکون رہنے کی مہارتوں کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دباؤ کو ختم کرنا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو ایسے عملی طریقے سکھانا ہے جن کی مدد سے وہ شدید دباؤ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔عالمی برانڈز ‘کاہلس آپٹکس’ اور ‘پیریگرین بلٹس’ کے برانڈ ایمبیسیڈر اور ‘ہاک اسمتھ گن اینڈ اسپورٹنگ کلب’ سے وابستہ محسن نواز نے بتایا کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی شوٹنگ اور کھیل کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے ملک بھر کی اسپورٹس فیڈریشنز اور کوچز پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں سے قبل کھلاڑیوں کی نفسیاتی جانچ اور ذہنی تربیت کو اپنے باقاعدہ نظام کا حصہ بنائیں۔







