
*ایک دہائی سے زائد عرصے بعد پاکستان میں اے ایف سی ’اے‘ کوچنگ کورسز کا دوبارہ آغاز*
ایک دہائی سے زائد عرصے کے وقفے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) پاکستان میں اے ایف سی ’اے‘ سرٹیفکیٹ ریفریشر کوچنگ کورس منعقد کرنے جا رہی ہے، جو ملک میں اعلیٰ سطح کی اے ایف سی کوچنگ ایجوکیشن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پانچ روزہ کورس 15 سے 19 اگست 2026 تک منعقد ہوگا، جس میں عراق سے تعلق رکھنے والے اے ایف سی انسٹرکٹر مسٹر وسام شمیل کامل بطور انسٹرکٹر خدمات انجام دیں گے۔ کورس میں پاکستان کے 19 اے ایف سی ’اے‘ سرٹیفائیڈ کوچز شرکت کریں گے، جن میں 18 مرد اور ایک خاتون کوچ شامل ہیں۔ کورس کے ذریعے کوچز کو اپنی فنی معلومات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، تجربات کے تبادلے اور بین الاقوامی کوچنگ ماہرین سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پی ایف ایف کے ڈائریکٹر کوچ ایجوکیشن، سجاد محمود نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی کوچنگ ایجوکیشن کی بحالی پاکستان میں فٹبال کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا، “کوچز کی ترقی فٹبال کی ترقی کی بنیاد ہے۔ پاکستان میں اے ایف سی ’اے‘ سطح کا کوچنگ کورس منعقد ہوئے ایک دہائی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، اس لیے یہ ریفریشر کورس ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کوچز میں مسلسل سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا رجحان فروغ پائے اور انہیں اعلیٰ سطح کی فنی تعلیم اور بین الاقوامی تجربات تک باقاعدگی سے رسائی حاصل ہو۔”
کورس کے نظریاتی سیشنز پی ایف ایف ہاؤس آڈیٹوریم میں صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جبکہ عملی سیشنز ماڈل ٹاؤن سی بلاک فٹبال گراؤنڈ میں شام 4 بجے سے 6 بجے تک منعقد ہوں گے۔ دونوں سیشنز کے اوقات عارضی ہیں اور ان میں تبدیلی ممکن ہے۔
کورس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مسٹر وسام شمیل کامل نے کہا، “مجھے پہلی مرتبہ پاکستان آنے پر بہت خوشی ہے اور میں ملک کے کوچز کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، جو فٹبال کے لیے بے پناہ جذبہ رکھتے ہیں۔ میں اس جذبے کا تجربہ پاکستانی کوچز کے ساتھ کوچنگ کورسز اور ایشیائی مقابلوں کے دوران بھی کر چکا ہوں۔ میں اس تجربے کے لیے بہت پُرجوش ہوں اور اپنے ساتھی کوچز کے ساتھ علم، تجربات اور خیالات کے تبادلے کا منتظر ہوں۔ “







