
لاہورٟ سپورٹس رپورٹرٞپاکستان کے ابھرتے ہوئے جوجٹسو کھلاڑی ولید علی کلیئر نے امریکہ کی ریاست نیو جرسی کے شہر وائلڈ ووڈ میں منعقدہ نیگا بیٹل ایٹ دی بیچ جوجٹسو گریپلنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔اس بین الاقوامی چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے 1,200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ یہ ایونٹ نارتھ امریکن گریپلنگ ایسوسی ایشن (NAGA) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے عالمی سرکٹ کا حصہ ہے، جسے دنیا کا سب سے بڑا سبمیشن گریپلنگ اور برازیلین جوجٹسو مقابلہ جاتی پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے۔ولید علی کلیئر نے پورے ایونٹ میں شاندار مہارت، عزم اور بہترین تکنیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فائنل مقابلے میں انہوں نے صرف 40 سیکنڈ میں کیسا گاتامے (Kesa Gatame) سبمیشن کے ذریعے اپنے حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ولید علی نیگا بیٹل ایٹ دی بیچ جوجٹسو چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والے پاکستان کے پہلے جوجٹسو کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس موقعہ پر سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن معظم خان کلیئر ، ڈی جی سپورٹس پنجاب طارق قریشی اور صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے ولید علی کلیئر کی شاندار کامیابی کو نہ صرف پاکستان بلکہ ملک میں جوجٹسو اور گریپلنگ کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ۔ ان کی یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی امید اور تحریک کا باعث بنے گی اور عالمی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بھرپور اعتراف بھی ہے۔





