عامر خان فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے اصل رنچھوڑ داس کی بھوک ہڑتال پر خاموش رہنے پر تنقید کی زد میں

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو اپنی بلاک بسٹر فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے اصل رنچھوڑ داس (فنسخ وانگڑو) کی بھوک ہڑتال پر خاموش رہنا مہنگا پڑ گیا۔
فلم ’3 ایڈیٹس‘ کی کہانی لداخ سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئر اور سماجی کارکن سونم وانگ چُک کی حقیقی زندگی سے متاثر ہو کر لکھی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 59 سالہ سونم وانگ چُک بھارت میں نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ کے پیپر لیک ہونے کے تنازع کے بعد بھارت میں جین زی کی قیادت میں قائم ہونے والی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بانی ابھیجیت دیپکے کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہ 28 جون سے نئی دہلی کے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں اور انہوں نے وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے
رپورٹ کے مطابق مسلسل 17 روز کی بھوک ہڑتال کی وجہ سے سونم وانگ چُک کی صحت بہت بری طرح متاثر ہوئی ہے، ان کا وزن تقریباً 8.5 کلو گرام کم ہو چکا ہے اور وہ مسلسل ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔
اس موقع پر فلم ’3 ایڈیٹس‘ میں چتور کا مشہور کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار اومی ویدیا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپیل کی ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ فنسخ وانگڑو مر جائے۔
اومی ویدیا کا کہنا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ کوئی بھی فنسخ وانگڑو کو مرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا۔
اب اس موقع پر فلم میں رنچھوڑ داس کا مرکزی کردار ادا کرنے والے عامر خان کی خاموشی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔







