
سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سمیت مشرقِ وسطیٰ کی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بحری جہاز رانی کے محفوظ نظام، سمندری راستوں کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی، استحکام اور سکیورٹی کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے اور سفارتی کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔







