
پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے ساتھ حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی بھی بڑھا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق لیوی میں 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی دوبارہ 80 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل اس کی شرح 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے سے حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا، تاہم اس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑنے کا امکان ہے کیونکہ یہ رقم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کا اہم حصہ ہوتی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر کا ہو گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور ایندھن کی قیمتوں میں ایک ساتھ ہونے والا اضافہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھانے کے ساتھ مہنگائی کی نئی لہر کو بھی جنم دے سکتا ہے۔







