
یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکا ایران تنازع کے حل کے لیے پاکستان کےثالثی اقدامات کی تعریف کر دی۔
اسلام آباد میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 8 ویں اسٹریٹجک مذاکرات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی بڑی طاقت اور یورپی یونین کا شراکت دار ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات میں ثالثی پر پاکستان کا کردار انتہائی قابلِ ستائش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران تنازع کے باعث پوری دنیا توانائی کے شدید بحران کا شکار ہے، موجودہ عالمی حالات میں مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے۔
کایا کالاس نے دورۂ پاکستان پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے اور اپنے عوام کے دفاع کا حق حاصل ہے، پاک بھارت کشیدگی کے سنگین نتائج برآمد ہوئے، جس سے صورتِ حال مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی تھی، یورپی یونین نے مسلسل دونوں ممالک پر تحمل اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2026ء کا اصل ہدف پاکستان یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل پر مبنی بنانا ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی منتظر ہوں۔







