تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

پاکستان کا شکریہ تاہم ہم کسی معاہدے پر نہ پہنچ سکے: امریکہ، ایران کا اعلان

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کسی حتمی معاہدے کے بغیر اختتام پذیر ہو گئے، تاہم دونوں فریقین نے پاکستان کی میزبانی اور سہولت کاری کو سراہا ہے۔

 

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کے بعد پریس بریفنگ میں بتایا کہ تقریباً 21 گھنٹے جاری رہنے والی بات چیت کے باوجود فریقین کسی حتمی ڈیل تک نہیں پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں امریکا نے نیک نیتی کے ساتھ شرکت کی اور اپنی شرائط واضح طور پر پیش کیں، تاہم ایران نے انہیں تسلیم نہیں کیا۔

 

جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی وفد کی جانب سے جوہری ہتھیاروں سے متعلق کوئی واضح اور قابلِ اعتماد یقین دہانی سامنے نہیں آئی، جبکہ امریکا کو اس حوالے سے ٹھوس اور مثبت یقین دہانی درکار ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی معاہدے کے بغیر امریکی وفد واپس جا رہا ہے۔

 

اس موقع پر امریکی نائب صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا اور بہترین میزبانی کی۔

 

دوسری جانب ایرانی میڈیا کا مؤقف ہے کہ امریکا کے حد سے زیادہ مطالبات معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز، جوہری حقوق اور دیگر اہم امور پر اختلافات برقرار رہے، جبکہ امریکا نے ایسے مطالبات کیے جو اسے جنگ کے دوران بھی حاصل نہیں ہو سکے تھے۔ ایرانی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ معاہدہ نہ ہونے کے باوجود آبنائے ہرمز کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

 

ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنا وفد لے کر اسلام آباد سے واپس امریکا روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ مذاکرات کے اگلے مرحلے سے متعلق تاحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

Back to top button