
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے ٹوئیٹ کے بعد میڈیا میں بعض عناصر کی طرف سے ایک پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا۔جب اس سلسلے میں اس نمائندے نے سرکاری ذرائع سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ٹوئیٹ کے حوالے سے جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ رات گئے جب اس سلسلے میں ایک سینیئر بیوروکریٹ سے معلوم کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ٹویٹر ہینڈل ان کی ٹیم دیکھتی ہے اور اس ٹیم کو مختلف مواقع پر الگ الگ ڈرافٹ ٹوئیٹ کرنے کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔کچھ ڈرافٹ پر لکھا ہوتا ہے for the perusal of PM Pakistan جبکہ بعض پر لکھا جاتا ہے for the attention of prime minister of Pakistan کچھ پیغامات پر Pakistanʼs pm messages بھی لکھا جاتا ہے جس جس ٹیم نے یہ ٹوئیٹ ڈرافٹ ملنے کے بعد کیا اسے اپنی غلطی کا فورا احساس ہو گیا اور ایک منٹ بعد ہی یہ ٹویٹ ٹھیک کر کے دوبارہ کر دیا گیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسی غلطیوں کو ٹھیک کر لیا جاتا ہے اس سے پہلے ادوار میں پاکستان میں بھی کئی بار اس طرح کے واقعات ہو چکے ہیں۔ اس سرکاری افسر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اسی ٹوئیٹ کے بعد ایران کے وزیر خارجہ نے ایک مثبت پیغام بھیجا اور جنگ بندی پر اپنی آمادگی ظاہر کی۔ افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فریقین کو مذاکرات پر لانے کی جو کوششیں کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں





