
پریس ریلیز
لاہور ریجن کرکٹ میں انتخابی سرگرمیاں تیز — کلب نمائندگان کا خواجہ ندیم احمد پر مکمل اعتماد
لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن میں کلبز کی انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اس سلسلے میں سٹی زون سے تعلق رکھنے والے پچیس سے زائد کلبز کے نمائندگان نے صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد سے عصرانے پر خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آئندہ کے انتخابی معاملات، تنظیمی حکمت عملی اور باہمی تعاون و دلچسپی کے امور پر تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر تمام کلب نمائندگان نے خواجہ ندیم احمد کی قیادت پر مکمل اور غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا۔
شرکاء نے خواجہ ندیم احمد کے گزشتہ تین سالہ دور کو کامیابیوں سے بھرپور قرار دیتے ہوئے اسے لاہور ریجن کی کرکٹ کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مواقع کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔
مزید برآں، اجلاس میں لاہور ریجن میں زونوں کی تعداد بڑھانے کے فیصلے کو ایک مثبت اور دور اندیش اقدام قرار دیا گیا۔ شرکاء کے مطابق زونز میں اضافے سے نہ صرف نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ کرکٹ کا مجموعی معیار بھی بلند ہوگا۔
نمائندگان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ زونوں کی تعداد میں اضافہ انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جس کے نتیجے میں لاہور کی کرکٹ پر طویل المدتی اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
عصرانے میں شرکت کرنے والے کلبز میں خضریٰ کرکٹ کلب، نیشنل جمخانہ کلب، دہلی جمخانہ کلب، وحدت ایگلٹس کلب، نیو پرنس جمخانہ، پاور فل ٹائیگر کلب، ینگ کرشن نگر جمخانہ، شفقت رانا کلب، فاران جمخانہ، آئی کے سپورٹس کلب، نیو نیشنل جمخانہ، میاں اقبال میموریل کلب، ینگ مزنگ جمخانہ، لدھیانہ جمخانہ، ینگ لدھیانہ جمخانہ، اقبال ٹاؤن جمخانہ، سبزہ زار ایگلٹس کلب، رام نگر جمخانہ، اسلام پورہ ایگلٹس کلب، الہلال کلب، سبزہ زار گرین کلب، سبزہ زار لائنز کلب، لاہور جمخانہ، سٹی جمخانہ، سعید مرزا میموریل کلب، شائننگ کلب، سنت نگر جمخانہ اور ساندہ جمخانہ شامل ہیں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔







