
امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس آپشن بہت زیادہ اور ایران کے پاس آپشن محدود ہیں۔ آنے والے دن ایران جنگ کےلیے فیصلہ کُن ہوں گے اور ایران کچھ نہیں کر سکے گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ بھرپور طاقت سے ایران کے اندر حملے کر رہے ہیں، ایران کی فضائی حدود میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایران کی طرف سے کم تعداد میں میزائل فائر کیے گئے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ہفتے کو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔
سیکریٹری وار نے کہا کہ ایرانی فوج کو تباہ کردیا گیا ہے، ان کی فوجی قیادت مایوسی کا شکار ہے۔ ایران کچھ میزائل فائر کرسکتا ہے ہم وہ میزائل گرادیں گے۔ آئندہ آنے والے دن ایران کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران اگر ڈیل نہیں چاہتا تو امریکا مزید سخت حملے کرے گا۔ آپریشن اپیک فیوری میں اہداف کا حصول کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے معاہدے کو قبول نہیں کیا تو طاقت سے حملے کیے جائیں گے۔ موجودہ ایرانی قیادت کو زیادہ عقلمندی دکھانی ہوگی، ایران کی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کےلیے کوششیں جاری رکھیں گے۔







