تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

مریم نواز نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کا حق اور ترقی کھا جاتی ہے، جہاں 13 سال سے حقیقی حکومت ہے وہ صوبہ زوال کا شکار کیوں ہے؟

مریم نواز نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو امن کھا جاتی ہے، خوشی کھا جاتی ہے، جو بے حس ہوتی ہے، جب لوگ روزگار، سڑکیں مانگتے ہیں تو کہتے ہیں ہم نے شعور دیا، تو کیا شعور پر بیٹھ کر کالج جائیں گے؟ کے پی کے عوام روزگار کا سوال کرتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا، تو کیا لوگ شعور کو روزگار کا ذریعہ بنائیں گے؟ لوگ گرین بس مانگتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا تو کیا لوگ شعور پر سفر کریں گے؟ ورکر کا بیٹا جیل میں ہے، اپنے بیٹے کو برطانیہ میں بٹھایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح راجن پور کے لوگوں نے میرا استقبال کیا ہمیشہ یاد رکھوں گی، ہمیشہ مسلم لیگ ن پر الزام لگتا ہے کہ سارا کام لاہور میں ہوتا ہے، آج سے راجن پور میں بھی گرین بسیں چلیں گی، پنجاب میں 1500 مزید بسیں آ رہی ہیں، ایک سال کے اندر پنجاب کے ہر ضلع میں گرین بس چلی گی، ابھی راجن پور میں 15 بسیں آئی ہیں لیکن مزید بسیں آئیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اسکول اور کالج کے طلباء و طالبات گرین بس پر سفر کریں گے، گرین بس خواتین اور طلباء کے لیے فری ہے، بزرگ اور معذور افراد کے لیے بھی گرین بس کا سفر فری ہے، بس میں کیمرے بھی ہیں تاکہ خواتین کی سیکیورٹی ہو سکے، یہاں 12 ارب روپے کی سڑکیں بنی ہیں، مزید بنیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ دل کے مریض کو دوسرے شہر نہیں جانا پڑے گا، راجن پور میں دل کا اسپتال بنے گا، راجن پور دہائیوں سے پسماندہ ضرور ہے لیکن اب پسماندگی ختم ہونے کو ہے، جو گرین بس لاہور کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہے، آج سے راجن پور کی سڑکوں پر دوڑے گی، راجن پور میں 12 ارب روپے کی تقریبا 72 سڑکیں بنی ہیں، ایک سال میں پنجاب کی تمام تحصیلوں میں گرین بس چلے گی۔

جواب دیں

Back to top button