پاکستان

آپ کا دورہ پاکستان باعث اعزاز ہے، امام مسجد نبویﷺ کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے امام مسجد نبویﷺ صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی اور ان کے دورے کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے ملاقات کی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود اور دیگر سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے امام مسجد نبویﷺ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے اور آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

ملاقات کے دوران امام مسجد نبویﷺ نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیر اعظم نے سعودی فرمانرواں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود کی صحت اور درازی عمر کے لیے بھی دعا کی۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے انتہا عزت و احترام ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط اور یہ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔

امام مسجد نبویﷺصلاح بن محمد البدیر نے پاکستان میں پُرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

امام مسجد نبویﷺ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، علمائے کرام، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید اور دیگر سعودی حکام موجود تھے۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امام مسجد نبویﷺ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button