بلاگ

“کامیابی کی چِپ “ اپنے اندر کا چُھپا ہوا خزانہ دریافت کریں

تحریر: جاوید تیموری
کامیابی ایک ایسا خواب ہے جو ہر انسان دیکھتا ہے، لیکن حقیقت میں کامیاب ہونے والے لوگ وہی ہیں جو اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو پہچان لیتے ہیں۔ کامیابی کا راز دراصل ایک “چِپ” میں پوشیدہ ہے، اور وہ چِپ آپ کے اندر پہلے سے ہی نصب ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ لوگ اس چِپ کو فعال کر لیتے ہیں، جبکہ کچھ اسے کبھی پہچان نہیں پاتے۔ یہ چِپ کیا ہے؟ یہ چِپ آپ کے اندر چھپی ہوئی وہ صلاحیت، وہ جذبہ، وہ خواب، اور وہ مقصد ہے جسے آپ کو دریافت کرنا ہے۔
کنفیوشس کا مشہور قول ہے:
“Choose a job you like, and you will never have to work a day in your life.”
“یعنی اپنے لیے وہ کام منتخب کیجئے جو آپ کو پسند ہو، پھر زندگی میں آپ کو ایک دن بھی کام نہیں کرنا پڑے گا۔”
یہ قول کامیابی کی چِپ کا خلاصہ ہے۔ اگر آپ وہ کام کرتے ہیں جس میں آپ کی دلچسپی ہے، جو آپ کے اندر سے آتا ہے، تو وہ محض ایک کام نہیں رہتا، بلکہ ایک مشن، ایک جنون اور ایک شوق بن جاتا ہے۔ ایسے لوگ جب کام کرتے ہیں تو وہ نہ صرف خود خوش ہوتے ہیں، بلکہ وہ دنیا کے لیے بھی کچھ نیا اور قیمتی تخلیق کرتے ہیں۔ یہ کامیابی کا وہ راز ہے جسے بہت سے عظیم لوگوں نے پہچان لیا تھا۔
کامیاب لوگ اور چِپ کی پہچان
دنیا کے عظیم ترین لوگوں کی کہانیوں میں ایک بات مشترک ہے، وہ سب اپنے اندر چھپی ہوئی چِپ کو پہچان چکے تھے اور پھر انہوں نے اسی راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا۔ چاہے وہ ایک موسیقار ہو، ایک کھلاڑی، ایک سائنسدان یا ایک صنعتکار، سب نے اپنے اندر کے خزانے کو جانا اور اسے نکھارنے میں زندگی لگا دی۔
جہانگیر خان، دنیا کے عظیم ترین سکواش کھلاڑی، نے اس کھیل کو محض ایک کھیل کے طور پر نہیں دیکھا، بلکہ اسے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔ وہ دن رات اپنی مہارت کو نکھارتے رہے، اور اس جذبے کے ساتھ آگے بڑھے کہ سکواش ان کا نصیب ہے۔ وہ جانتے تھے کہ ان کے اندر کون سی چِپ نصب ہے، اور انہوں نے اسی کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
نصرت فتح علی خان، جن کا نام دنیا کے عظیم ترین قوالوں میں شمار ہوتا ہے، انہوں نے بھی اپنے اندر کی چِپ کو پہچانا اور سُروں کو اپنی زندگی بنا لیا۔ وہ سُر کے عاشق تھے، اور ان کا فن ایک ایسی چمک پیدا کرتا تھا جو دنیا بھر کے لوگوں کو مسحور کر دیتا تھا۔
عبدالستار ایدھی، جنہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا، اپنی زندگی کا ہر لمحہ اسی چِپ کے تحت گزارا۔ وہ جانتے تھے کہ ان کے اندر خدمتِ خلق کی چِپ نصب ہے، اور اسی راستے پر چلتے ہوئے انہوں نے دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک قائم کیا۔
یہ سب لوگ جان چکے تھے کہ ان کے اندر کون سی چِپ نصب ہے، اور انہوں نے اپنی زندگی کو اسی چِپ کے مطابق گزارا۔ یہی وہ راز تھا جو انہیں کامیابی کی بلندیوں تک لے گیا۔
غلط راستے پر محنت صرف بے سمت جدوجہد ہوتی ہے۔
دنیا میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو اپنی چِپ کو پہچان نہیں پاتے اور اپنی زندگی غلط راستے پر ضائع کر دیتے ہیں۔ یہ لوگ محنت تو کرتے ہیں، لیکن وہ راستہ صحیح نہیں ہوتا۔ جیسے کوئی شخص پشاور کی طرف دوڑ رہا ہو، لیکن اس کا مقصد کراچی پہنچنا ہو۔ چاہے وہ کتنا ہی زور لگا لے، وہ کبھی کراچی نہیں پہنچ سکے گا، کیونکہ اس کی سمت غلط ہے۔
بہت سے لوگ ایسے شعبوں میں چلے جاتے ہیں جو ان کے دل کے مطابق نہیں ہوتے۔ جیسے ایک ڈاکٹر جو دل سے ڈاکٹر نہیں بننا چاہتا تھا، لیکن حادثاتی طور پر یا کسی اور کے دباؤ میں وہ اس شعبے میں چلا گیا۔ ایسے لوگ اپنی زندگی میں کبھی خوش نہیں رہتے، اور نہ ہی دوسروں کے لیے کچھ کر پاتے ہیں۔ یہ لوگ بے دلی سے کام کرتے ہیں، اور نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ نہ خود کو خوش کر پاتے ہیں اور نہ ہی دنیا کو کچھ نیا دینے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
ایک مشہور واقعہ ہے: ایک امریکی کا انجن راستے میں بند ہو گیا۔ جب ایک مکینک نے پانچ ضربیں لگا کر انجن ٹھیک کیا، تو اس نے 100 ڈالر مانگے۔ امریکی نے پوچھا، “پانچ ضربوں کی قیمت 100 ڈالر؟” مکینک نے جواب دیا، “5 ڈالر ضربیں لگانے کے، اور 95 ڈالر یہ جاننے کے کہ خرابی کہاں ہے۔”
یہی فرق ہوتا ہے ان لوگوں میں جو اپنے فن کو جانتے ہیں اور ان لوگوں میں جو محض محنت کرتے ہیں، لیکن راستہ درست نہیں ہوتا۔
کامیابی کی چِپ کو پہچاننا
کامیابی کی چِپ کا راز یہ ہے کہ آپ اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں اور جذبات کو پہچانیں۔ آپ کے اندر جو صلاحیتیں ہیں، وہ قدرت نے آپ کو اسی لیے دی ہیں تاکہ آپ انہی کے مطابق زندگی گزاریں۔ جب آپ اپنی پسند کے کام کو اپنا مشن بنا لیتے ہیں، تو آپ کی محنت ایک شوق اور جنون میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
امریکہ میں ایک تحقیق کی گئی جس میں 1500 لوگوں سے پوچھا گیا کہ وہ دولت مند بننا چاہتے ہیں یا اپنے مزاج کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں؟ 1225 لوگوں نے کہا کہ وہ زیادہ دولت کمانا چاہتے ہیں، چاہے انہیں مزاج کے خلاف کام کرنا پڑے۔ جبکہ صرف 255 لوگوں نے کہا کہ وہ اپنی دلچسپی کے کام میں جانا چاہتے ہیں، چاہے اس میں دولت کم ہو۔
چند سال بعد نتائج کا جائزہ لیا گیا، تو وہ لوگ جو اپنے مزاج کے خلاف کام کر رہے تھے، ان میں سے صرف ایک شخص کروڑ پتی بن سکا۔ جبکہ وہ لوگ جو اپنے دل کی بات سن کر کام کر رہے تھے، ان میں سے 100 لوگ کروڑ پتی بن چکے تھے۔ یہ تحقیق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب آپ اپنی چِپ کو پہچان کر اپنے دل کے مطابق کام کرتے ہیں، تو کامیابی خود بخود آپ کے قدم چومتی ہے۔
کامیابی کی چِپ کیسے نصب کریں؟
اگر آپ بھی کامیاب ہونا چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے اپنے اندر کی چِپ کو پہچانیں۔ آپ کا دل کس کام میں لگتا ہے؟ وہ کون سا کام ہے جسے کرتے ہوئے آپ وقت کا احساس بھول جاتے ہیں؟ وہ کام ہی آپ کا مقصد ہے، وہی آپ کی چِپ ہے۔ جیسے ہی آپ اس چِپ کو پہچان لیتے ہیں، آپ کی کامیابی کا سفر شروع ہو جاتا ہے۔
اس کے بعد، آپ کو اپنی محنت کو صحیح سمت میں ڈالنا ہوگا۔ صرف محنت کرنا کافی نہیں، بلکہ صحیح محنت کرنا ضروری ہے۔ جب آپ اپنی صلاحیتوں کو درست طریقے سے استعمال کرتے ہیں، تو آپ کی محنت رنگ لاتی ہے۔ یاد رکھیں، کامیابی صرف محنت کا نہیں، بلکہ صحیح سمت میں محنت کا نتیجہ ہے۔
کامیابی کی چِپ اپنے اندر تلاش کریں
دنیا کے تمام کامیاب لوگ اپنی کامیابی کی چِپ کو پہچان چکے تھے، اور آپ بھی اسی راز کو جان سکتے ہیں۔ آپ کے اندر بھی وہ چِپ موجود ہے جو آپ کو کامیابی کی راہ پر لے جا سکتی ہے۔ بس آپ کو اسے تلاش کرنا اور اس کے مطابق عمل کرنا ہے۔
جیسے ہی آپ اپنے اندر کی چِپ کو ایکٹیویٹ کرتے ہیں، آپ کی زندگی بدل جاتی ہے۔ آپ کا کام ایک شوق بن جاتا ہے، اور آپ کامیابی کی شاہراہ پر دوڑنا شروع کر دیتے ہیں۔ آپ بھی وہ چِپ ڈھونڈ لیں، اور دیکھیں کہ کیسے آپ کی زندگی کامیابی اور خوشیوں سے بھر جاتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button