دوران چیکنگ فیملی سے نکاح نامہ طلب کرنے والے پولیس افسران معطل
پولیس کی جانب سے دوران چیکنگ فیملی سے غیرمناسب رویہ اپنانے اور نکاح نامہ طلب کرنے کے معاملے کا ڈی جی آپریشنز نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق 2 پولیس افسران نے چیکنگ کے دوران فیملی سے غیرشائستہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نکاح نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ڈی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے معاملے کا سخت نوٹس لےلیا ہے۔
واقعے میں ملوث 2 پولیس افسران کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایس پی سواں کو واقعے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عوامی شکایات کا ازالہ نہ کرنے، ناقص تفتیش پر 5 پولیس افسران محکمے سے برخاست کیے جاچکے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم نے کہا کہ ایسے واقعات ہرگز قابل قبول نہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ تمام افسران کو بارہا تنبیہ کی گئی ہے کہ دوران چیکنگ نہ تو منہ سونگھنا ہے نہ نکاح نامہ مانگنا ہے، شہریوں کے ساتھ نامناسب رویہ ہرگزبرداشت نہیں کیا جائےگا۔