پاکستان

کور کمانڈر کانفرنس کی تائید کرتا ہوں٬ 9 مئی والوں کو کڑی سزا دیں

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف نے کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔

جیل میں میڈیا سے بات چیت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے 9 مئی میں ملوث لوگوں کا تعین کیا جائے، امریکا میں کیپٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا، سانحہ 9 مئی پر ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ سانحے کی آزادانہ انکوائری میں کسی کی دلچسپی نہیں، میں بھی کہتا ہوں کہ 9 مئی والوں کو سزا دیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا پرامن احتجاج ٹکراؤ ہے؟ اگر یہ ٹکراؤ ہے تو جمہوریت کو ختم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے حکومت گرانے کا کہا تھا، قمر جاوید باجوہ نے ہمیں بھی یہ کہا تھا کہ اچھے بچے بن جاؤ اور چپ کر کے بیٹھ جاؤ لیکن میں غلام بن کر نہیں بیٹھ سکتا، غلامی قبول کرنے کا کہا جا رہا ہے لیکن غلامی قبول کرنے والی قوم ختم ہو جاتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری پارٹی میں کوئی فوج کے خلاف نہیں، 9 مئی کا بیانیہ 8 فروری کو فیل ہوگیا، لوگ نہیں مانے کہ ہم نے کوئی غداری کی ہے، جب تک جیل میں رکھنا ہے رکھیں غلامی قبول نہیں کروں گا، جیل میں کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، مجھے پتا ہے کہ پیغام کیوں نہیں بھیجا گیا لیکن یہ ابھی بتا نہیں سکتا۔

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی، جن کی مخصوص نشستیں نہیں بنتی تھی ان کو کیسے دی جا سکتی ہیں؟ ہمیں مخصوص نشستیں نہ دیے جانا غیر آئینی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کریں گے، ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی اور سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر آتا ہے، جیتنے والوں کو بھی پتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، یہ سمجھتے ہیں الیکشن ٹھیک ہوئے تو صرف 4 حلقوں کا آڈٹ کروالیں، پشاور سے نور عالم خان، لاہور سے نواز شریف کے حلقے کا آڈٹ کروالیں، ان انتخابات سے صرف 3 جماعتوں کو فائدہ ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button