پتنگ بازی کا شوق گیارہ سالہ بچے کی جان لے گیا

میانوالی کے علاقے سوانس میں پتنگ بازی کا شوق گیارہ سالہ بچے کی جان لے گیا۔
میانوالی کے علاقے سوانس میں محسن نامی بچہ گھر کی چھت پر پتنگ اڑا رہا تھا اس کا دھیان پتنگ کی طرف تھا کہ اچانک چھت سے نیچے جاگرا۔
بچے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسی علاقے میں پولیس کو پتنگ بازی کے حوالے سے نشاندہی بھی کی گئی تھی لیکن ایکشن نہ لیا گیا اور آج یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آگیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے پتنگ فروشی پر پابندی کے باوجود مارکیٹوں میں خفیہ طور پر پتنگوں کی فروخت سوالیہ نشان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گجرات کے علاقے بغداد کالونی میں 17 سال کا نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔
ریسکیوذرائع نے بتایا تھا کہ معاذ علی موٹر سائیکل پرہمشیرہ کو ٹیوشن سینٹر چھوڑنے جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوا، معاذ علی کی میت پوسٹ مارٹم کے لئے عزیز بھٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔