
پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں سوموار کے روز بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت پانچ روپے اضافے کے بعد 306 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 301 روپے پر بند ہوئی تھی۔
کرنسی ڈیلروں کے مطابق اس وقت نجی ایکسچینج کمپنیوں میں ڈالر کی شدید قلت ہے جس کی وجہ ڈالر کی سپلائی میں کمی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت کچھ کچھ کمپنیاں صرف ڈالر خرید رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس فروخت کے لیے ڈالر موجود نہیں ہے۔
دوسری جانب انٹربنک میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب تک ڈالر کی قیمت میں 2.18 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
اس وقت انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت 288 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق ملک میں سیاسی بحران اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے معدوم ہونے والے امکانات ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔