Uncategorized

انگلینڈ نےبنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نےبنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے ہرادیا.
ابوظبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز لٹن داس اور محمد نعیم 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، دونوں بلے بازوں کو معین علی نے آؤٹ کیا۔
تیسرے نمبر پر آنے والے شکیب الحسن بھی بلے بازی میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعے پر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے۔
مشفق الرحیم نے سب سےزیادہ 29 رنز بنائے اور 11 ویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 63 رنز تھا، جس کےبعد عفیف حسین کی 73 رنز پر گری۔ عفیف حسین 5 رنز بنا کر وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔
کپتان محموداللہ نے بھی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں ناکام رہے اور صرف 19 بنا کر 83 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
مہدی حسن 11 رنز بنا سکے اور 98 کے اسکور پر ملز کی وکٹ بن گئے، ان کے بعد آنے والے بلے باز نسم احمد نے نورالحسن کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے اسکور 124 رنز تک پہنچایا۔ نورالحسن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،جس کے فوری بعد مستفیض الرحمٰن صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ملز نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور لیونگسٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر جوز بٹلر 18 رنز بنا کر نسم احمد کی وکٹ بن گئے تاہم دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنالیے تھے۔
جیسن روئے نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیل کر 112 کے مجموعے پر شریف الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 8 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ جیسن روئے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button