
اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس سے تعلقات نے چین کو 7.5 ارب ڈالر کی چپس کی ترسیل میں مدد دی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے امریکی جریدے ‘دی انفارمیشن’ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے چین کے لیے کام کرنے والی ایک مبینہ جاسوس چینی کاروباری خاتون کے ساتھ تعلقات نے چینی کمپنیوں کو کم از کم 7.5 ارب ڈالر مالیت کی چپس کی ترسیل میں سہولت فراہم کی۔
رپورٹ کے مطابق ایلیس ہوانگ نامی اس خاتون نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا تاکہ اینویڈیا کی چپس حاصل کی جاسکیں
اس نیٹ ورک کے مرکز میں ‘شنگھائی سینچری لیٹونگ’ نامی ایک چینی کمپنی تھی جس کی بنیاد جون 2023 میں رکھی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اس کمپنی نے اکتوبر تک اینویڈیا کے ساتھ ‘پریفرڈ کلاؤڈ پارٹنر’ کا درجہ حاصل کر لیا تھا، جس سے اسے کمپنی کی چپس تک ترجیحی رسائی مل گئی۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ جب امریکی برآمدی پابندیوں کی زد میں آنے والی اینویڈیا چپس کے آرڈرز روکے گئے تو ایلیس ہوانگ نے اینویڈیا اور اس کے ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ اپنے تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے سپلائی کو یقینی بنایا۔ اس کی مدد سے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار H-100، H-200 اور کچھ A-100 چپس پابندیوں کے باوجود چین منتقل کی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی چپ ساز کمپنی اینویڈیا نے اعلان کیا ہے کہ اس کا بورڈ کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی کا نشانہ بنے کی تحقیقات کررہا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ پیشرفت ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے چینی حکام کو معلومات فراہم کرنے والی ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔
جینسن ہوانگ نے اپنے ملازمین کے نام ایک پیغام میں اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہوئے ہیں اور اپنے اس عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ دوسری جانب اینویڈیا کا کہنا ہے کہ سی ای او بغیر کسی تعطل کے کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلیس ہوانگ نامی خاتون کے ساتھ تعلقات تھے جو سنگاپور میں قائم کمپنی ‘میگا اسپیڈ’ کی سابق ایگزیکٹو ہیں







