
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے درمیان ابوظبی میں ہونے والی توسیعی ملاقات میں 10 ممالک کے حکام شریک ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اماراتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات دو مراحل میں ہوئی، پہلے مرحلے میں نیتن یاہو اور شیخ محمد بن زاید کے درمیان ملاقات ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے اور توسیعی اجلاس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ امریکا، سعودی عرب، مراکش، مصر، کویت، بحرین، لیبیا اور عمان کے نمائندے شریک ہوئے
مذکورہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے ابوظبی میں ہونے والی ملاقات میں اپنی شرکت کی تردید کر دی۔
اماراتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون مضبوط بنانے اور مشترکہ خطرات کے خلاف علاقائی دفاعی ڈھانچہ تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شرکاء نے ایران اور یمن کے حوثی گروپ سے متعلق اقدامات، سعودی عرب کو انٹیلی جنس اور سیکیورٹی معاونت فراہم کرنے اور ایک نئے علاقائی اتحاد کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شرکاء نے آبنائے ہرمز کو نظر انداز کرتے ہوئے تیل کی ترسیل کے لیے ایک نیا راستہ قائم کرنے کے امکان پر بھی گفتگو کی۔







