
لاہور کے علاقے اچھرہ میں 10 سالہ بچی ٹیوشن سینٹر کے واش روم میں مردہ پائی گئی، بچی دو بہنوں کے ساتھ ٹیوشن پڑھنے ایک گھر میں قائم ٹیوشن سنٹر گئی تھی۔
لاہور کے علاقے اچھرہ کی اتحاد کالونی میں تین کمسن بہنیں ٹیوشن پڑھنے ایک گھر پہنچیں، 10 سالہ نعیمہ واش روم جانے کا کہہ کر گئی لیکن کافی دیر بعد بھی واپس نہیں آئی۔
بڑی بہن نے جا کر دیکھا تو نعیمہ نیم مردہ پڑی تھی۔ بہن کے شور مچانے پر لوگ جمع ہو گئے، بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
سینٹر میں محلے کی 15 سے 20 بچیاں ٹیوشن پڑھتی ہیں، محلے داروں کے مطابق ان کی بچیاں عرصہ دراز سے پڑھ رہی ہیں، کبھی کوئی مسئلہ نہیں بنا۔
ہلاک بچی کا باپ عدنان رکشہ ڈرائیور ہے، اس کا کہنا ہے کہ نہیں معلوم بچی کیسے جاں بحق ہوئی، اللّٰہ تعالیٰ انصاف کرے گا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ قتل ہے یا خودکشی، تمام پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، چند محلے داروں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے، تاہم حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے







