تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

اختیار ہو تو کرنسی نوٹوں سے قائدِ اعظم کی تصویر ہٹا دوں‘: شہزاد نواز نے کیوں کہا؟

معروف اداکار اور پوڈکاسٹ میزبان شہزاد نواز کا ایک بیان سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر اختیار میرے پاس ہو تو میں پاکستانی کرنسی نوٹوں سے بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کی تصویر ہٹا دوں۔

 

اپنی حالیہ پوڈکاسٹ میں اداکار علی سفینہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہزاد نواز نے پاکستان میں بدعنوانی اور سماجی رویوں پر تنقید کی۔

 

گفتگو کے دوران علی سفینہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ قومی شخصیات کی نمائندگی اور سرکاری مقامات پر تصاویر بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔

 

علی سفینہ نے کہا کہ بعض اوقات قوم کے معماروں کی تصاویر ہٹا کر سیاسی رہنماؤں کی تصاویر نمایاں کر دی جاتی ہیں، جو ایک تشویش ناک رجحان ہے۔

اس پر شہزاد نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے اختیار میں ہو تو میں قائدِ اعظم کی تصویر تمام کرنسی نوٹوں سے ہٹا دوں، کیونکہ لوگوں میں کوئی شرم نہیں ہے، رشوت لے رہے ہیں اور دے رہے ہیں، فراڈ میں ملوث ہیں جب کہ کرنسی نوٹوں پر قائدِ اعظم کی تصویر ہے اور وہ ان سب کو یہ کرپٹ کام کرتے دیکھ رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مختلف ادوارِ حکومت میں کرنسی نوٹوں پر درج تحریروں میں بھی تبدیلیاں کی گئیں، جنرل ضیاء الحق کے دور میں نوٹوں پر حلال روزی عبادت ہے کا جملہ نمایاں تھا، تاہم بعد میں اس کی نمایاں حیثیت کم کر دی گئی۔

 

شہزاد نواز کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔

 

بعض افراد نے ان کی بات کو معاشرے میں بڑھتی ہوئی کرپشن کے خلاف ایک علامتی احتجاج قرار دیا ہے، جبکہ دیگر نے قائدِاعظم کی تصویر ہٹانے کے خیال سے اختلاف کرتے ہوئے اسے نامناسب تجویز قرار دیا ہے

جواب دیں

Back to top button